کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ ، سندھ نے 418رنز کا ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا

جمعرات 6 اکتوبر 2022 23:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2022ء) کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کے دوسرے رائونڈ کا کھیل جمعرات کے روز مکمل ہو گیا۔ترجمان کے مطابق یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں 136 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے سندھ نے 418 رنز کا ہدف 95 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دانش عزیز جو گزشتہ روز 89 رنز بنا کر ناقابل شکست واپس آئے، انہوں نے 274 گیندوں پر 27 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 226 رنز بنائے۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں میچ میں رضا الحسن کی آٹھ وکٹوں کی بدولت بلوچستان نے سنٹرل پنجاب کو 43 رنز سے شکست دی۔ 285 رنزکے تعاقب میں چھ وکٹ پر 155 کے اوور نائٹ سکور پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے 81ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

محمد وحید نے ناٹ آئوٹ55 جبکہ عرفان خان نے 54 رنز بنائے۔ترجمان کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں بلوچستان کی پہلی جیت تھی۔

رمیز عالم و عبدالرحمن مزمل کی سنچریوں اور ماجد علی کی پانچ وکٹوں نے سدرن پنجاب کو فالو آن کے بعد شاندار واپسی کرنے میں مدد کی اور خیبرپختونخوا کو38 رنز سے شکست دی۔ تین وکٹ پر 320 کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے سدرن پنجاب کی ٹیم 156.1 اوورز میں 434 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رمیز عالم نے 269 گیندوں پر سب سے زیادہ 136 رنز بنائے۔جیت کے لیے 145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 26ویں اوور میں 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سدرن پنجاب کے ماجد علی نے 37 کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ طاہر حسین نے تین وکٹیں اور میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 06/10/2022 - 23:22:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :