ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے بڑا سرپرائز

قومی ٹیم میں تبدیلی کر دی گئی، لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ بلے باز فخر زمان 15 رکنی مرکزی اسکواڈ کا حصہ بنا دیے گئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 14 اکتوبر 2022 19:35

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے بڑا سرپرائز
میلبورن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2022ء) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے بڑا سرپرائز، قومی ٹیم میں تبدیلی کر دی گئی، لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ بلے باز فخر زمان 15 رکنی مرکزی اسکواڈ کا حصہ بنا دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کے اسکواڈ میں تبدیلی کی آخری تاریخ 16 اکتوبر تھی، اسکواڈ میں تبدیلی کی ڈیڈ لائن سے 2 روز قبل پاکستانی ٹیم میں 1 بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔

جارح مزاج بلے باز فخر زمان کو فٹ ہونے پر ٹیم کے 15 رکنی مرکزی اسکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے، جبکہ لیگ اسپنر عثمان قادر اب مرکزی اسکواڈ کا حصہ ہونے کی بجائے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔ اس سے قبل فخر زمان کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا، تاہم انگلینڈ سیریز اور نیوزی لینڈ سیریز کے بعد فخر زمان کو دوبارہ 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

فخر زمان انگلینڈ میں ری ہیپ مکمل کرنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہو چکے۔ جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے 15اکتوبر ہفتہ کو کو کرائسٹ چرچ سے برسبین روانہ ہوگا، قومی اسکواڈ برسبین میں 2 وارم اپ میچز کھیلنے کے بعد 20 اکتوبر کو میلبرن پہنچے گا۔ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میلبرن میں کھیلے گی۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سہ ملکی سیریز کا فائنل کھیلنے کے بعد کرائسٹ چرچ سے میلبرن کیلئے روانہ ہو گئے۔ بابر اعظم میلبرن میں تمام ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ورلڈ کپ ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے۔ فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان بھی 15 اکتوبر کی شام کو برسبین میں قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے جبکہ ڈاکٹر جاوید ان دونوں کھلاڑیوں کے ہمراہ قومی اسکواڈ کو بطور سیکنڈ فزیو جوائن کریں گے۔

پاکستان ٹیم کے مینٹور میتھیو ہیڈن بھی ہفتہ کی رات کو ہی قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔پاکستان ٹیم کے ڈاکٹر نجیب سومرو کرائسٹ چرچ سے میلبرن میں اپنے گھر روانہ ہوجائیں گے۔ وہ بھارت کے خلاف میچ سے قبل میلبرن میں قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
وقت اشاعت : 14/10/2022 - 19:35:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :