باکسنگ اکیڈمی کے قیام کیلئے عالمی باکسر عامر خان اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے درمیاں ایم او یو پر دستخط،اکیڈمی نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں قائم کی جائے گی، 8سو افراد مقابلے دیکھ سکیں گے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور عامر خان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے،دنیا بھر سے اکیڈمی بنانے کی پیشکش ہوئی مگر پاکستان میرا وطن ہے چاہتا ہوں یہاں کا ٹیلنٹ ملک کا نام دنیا میں روشن کرے، خود ٹریننگ دوں گا، باکسر عامر خان،آج قوم کیلئے خوشی کا موقع ہے، باکسنگ اکیڈمی پاکستان کیلئے عامر خان کا تحفہ ہے، جولائی میں اکیڈمی کام شروع کردے گی‘ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد

اتوار 28 دسمبر 2014 21:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28دسمبر۔2014ء) معروف عالمی باکسرعامر خان اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے درمیان نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں باکسنگ اکیڈمی کے قیام کیلئے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے ہیں، تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے دفتر میں منعقد ہوئی، اس موقع پر باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میرا وطن ہے مجھے دنیا بھر سے اکیڈمی بنانے کی پیشکش ہوئی ہیں مگر میں پاکستان کا نام دنیا میں روشن دیکھنا چاہتا ہوں، باکسر عامر خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے، تقریب میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالمی باکسر عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ بنانے سے مجھے دلی خوشی ہوئی ہے پاکستان میرا وطن ہے، یہاں کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے میں چاہتا ہوں پاکستان کے نوجوان باکسنگ کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں، میرا تجربہ، میرا کھیل سب کچھ پاکستان کیلئے ہے اور یہ چاہتا ہوں کہ میرے وطن کے لوگ میرے کھیل اور تجربے سے استعفادہ کریں، اسی لئے لاہور میں باکسنگ اکیڈمی بنانا چاہتا ہوں، اس کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون کا مشکور ہوں، عامر خان نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب یوتھ فیسٹیول منعقد کرایا جو کہ ایک بہترین ایونٹ تھا جس سے نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا بھرپور موقع ملا، اکیڈمی میں خود بچوں اور نوجوانوں کو ٹریننگ دونگا، اس کے علاوہ میرے کوچ اور ٹرینر بھی بچوں اور نوجوانوں کو تربیت دیں گے، 5سال بعد پاکستان میں باکسنگ کے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ سب کے سامنے ہوگی، اکیڈمی میں گراس روٹ لیول سے بچوں کو تربیت دیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا آج قوم کیلئے انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ عالمی شہرت یافتہ عامر خان پاکستان میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے باکسنگ اکیڈمی بنا رہے ہیں، یہ پاکستان کیلئے ان کا تحفہ ہوگا۔عامر خان کے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ایمبسیڈر بننے سے نوجوانوں میں بہت ولولہ پیدا ہوا،جون میں اکیڈمی تیار ہو جائے گی اور جولائی میں ٹریننگ شروع کردی جائے گی، انہوں نے کہا کہ عامر خان اگلے مقابلے کی تیاری پاکستان میں کریں گے اس سے قبل وہ سان فرانسسکو میں ٹریننگ کرتے تھے ان کی پاکستان موجودگی سے ہماری یوتھ کو بہت فائدہ پہنچے گا،انہوں نے بتایا کہ باکسنگ اکیڈمی میں 8سو افراد کو مقابلے دیکھنے کی سہولت ہوگی، اکیڈمی مکمل طور پر عامر خان کی مشاورت سے کام کریگی، ان کے مقرر کردہ ٹرینر تربیت دیں گے۔

تقریب کے آخر میں عالمی باکسر عامر خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔بعد ازاں عامر خان نے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کے ساتھ مداحوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

وقت اشاعت : 28/12/2014 - 21:39:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :