جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

اتوار 26 مارچ 2023 22:00

سنچورین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2023ء) جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی20 کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، میزبان ٹیم نے کوئنٹن ڈی کاک اور ریزا ہینڈرکس کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف 259 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 7 گیندیں قبل ہی حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی، ڈی کاک نے 44 گیندوں پر 100 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ ریزا ہینڈرکس نے 28 گیندوں پر 68 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کے جونسن چارلس کی 39 گیندوں پر تیز ترین سنچری رائیگاں گئی، کوئنٹن ڈی کاک کو مرد میدان قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو سپرسپورٹس پارک، سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے جونسن چارلس کی دھواں دار سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 258 رنز بنائے، جونسن چارلس نے 39 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور مجموعی طور پر 46 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 118 رنز بنائے، چارلس کی یہ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین سنچری ہے، کائل میئرز نے 51 اور رومیرو شیفرڈ نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جنوبی افریقہ کی طرف سے کوئنٹن ڈی کاک اور ریزا ہینڈرکس نے برق رفتاری سے کھیلتے ہوئے صرف 10.5 اوورز میں 152 رنز کی شراکت قائم کر کے 259 رنز کا تعاقب آسان بنا دیا، ڈی کاک نے 44 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے جبکہ ریزا ہینڈرکس نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، اس تباہ کن شراکت کے باعث پروٹیز نے پہاڑ جیسا ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی، کپتان ایڈن مارکرم نے 21 گیندوں پر 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹی 20 میچ 28 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 26/03/2023 - 22:00:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :