کوئٹہ میں جاری قومی گیمز سے امن اور محبت کا پیغام پوری دنیا کوجارہا ہے،ڈاکٹر فرحان عیسی

اتوار 28 مئی 2023 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) 34 ویں نیشنل گیمزمیں شریک سندھ کے دستے کےچیف دی مشن ڈاکٹر فرحان عیسی عبداللہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں جاری قومی گیمز سے امن اور محبت کا پیغام نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کوجارہا ہے ،آج کھیلوں کے ذریعے پاکستان کے تمام صوبوں کی ثقافت، قومی ورثے اور بلوچستان کے خوبصورت مقامات کی منظر کشی سے آگاہ ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمزکا انعقاد ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی میں بہت معاون ثابت ہوگا ، ایونٹ سے جہاں نئے ٹیلنٹ کی دریافت، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپورمواقع میسرآئے ہیں وہیں قومی سطح پر کھلاڑیوں کے مابین صحت مندانہ مقابلوں کا ماحول اور باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا میں بھی اضافہ ہو ا ہے ،قومی گیمز کے کامیاب انعقاد پر حکومت بلوچستان، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سیکیورٹی پر مامور تمام اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈاکٹر فرحان عیسی کاکہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پرامن طریقے اور بہترین انتظامات کے ساتھ قومی گیمز کاانعقاد نہایت خوش آئند ہے ،گیمز میں سندھ کے دستے کی پرفارمنس کے حوالے سے ڈاکٹر فرحان عیسی نے کہا کہ ویمنز سوئمنگ میں پاکستان کی رائزنگ اسٹار حریم ملک نے سندھ کیلئے تین گولڈ میڈلزجیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے جبکہ دیگر کھیلوں میں بھی ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی نمایاں رہی ہے ،سندھ ابتک ایونٹ میں 4 گولڈ، 11 سلور اور 19 برونز میڈلزکے ساتھ چاروں صوبوں کی رینکنگ میں سرفہرست ہے ،سندھ دستے میں شامل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز نے میگا ایونٹ کے دوران جس مثالی نظم و ضبط کامظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے ،گیمز کیلئے ٹیموں کی تشکیل کے سلسلے میں میری تمام کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کو واضح ہدایت تھیں کہ ٹیموں کی سلیکشن کیلئےمیرٹ اور اوپن ٹرائلزکاانعقادضروری ہے تاکہ کسی بھی باصلاحیت کھلاڑی کی حق تلفی نہ ہو۔

وقت اشاعت : 28/05/2023 - 21:20:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :