راشد خان کمر میں تکلیف کے باعث سری لنکا کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں سے باہر ہو گئے

جمعرات 1 جون 2023 10:00

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2023ء) افغانستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر راشد خان کمر میں تکلیف کے باعث سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ 24 سالہ راشد خان مکمل بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں ۔ اے سی بی نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ 7 جون کو سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔

سری لنکا اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا آغاز 2 جون سے ہوگا۔ دوسرا میچ 4 جون کو اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے مکمل ہونے کے صرف سات دن بعد، افغانستان کرکٹ ٹیم چٹوگرام میں بنگلہ دیش کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

(جاری ہے)

راشد خان حال ہی میں آئی پی ایل میں شامل تھے، جہاں ان کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کو فائنل میچ میں چنائی سپر کنگز سے 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وہ آئی پی ایل میں 27 وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بائولر تھے ۔راشد کی غیر موجودگی میں محمد نبی، مجیب الرحمان اور نور احمد کو سپن کے شعبے میں اضافی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے بعد افغانستان اس سیریز پر نظر جمائے ہوئے ہے ۔ راشد خان کو 5 ٹیسٹ،86 ایک روزہ اور 80 ٹی ٹونٹی میچز میں افغانستان کی نمائندگی حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 01/06/2023 - 10:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :