کم ترین اننگز میں پہلی ڈبل سنچری ، سعود شکیل نے سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستانی بیٹر نے 11ویں اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا، سابق بھارتی کپتان نے 73، سابق آسٹریلین کپتان نے 104 اور سابق بھارتی کرکٹر نے 110 اننگز کھیل کر اپنی پہلی ڈبل سنچری سکور کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 جولائی 2023 12:25

کم ترین اننگز میں پہلی ڈبل سنچری ، سعود شکیل نے سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جولائی 2023ء ) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے کم ترین ٹیسٹ اننگز کھیل کر پہلی ٹیسٹ ڈبل سنچری سکور کرنے والے بیٹرز کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور رکی پونٹنگ جیسے بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ سعود شکیل کی پہلی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی۔

پہلی اننگز میں 361 گیندوں پر 208 رنز کی غیر معمولی اننگز کے ساتھ، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹنگ کے متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے، جس نے کئی لیجنڈ کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ سعود شکیل نے محض اپنی 11ویں ٹیسٹ اننگز میں ڈبل سنچری سکور کی، ٹیسٹ کرکٹ میں ان سے بھی کم اننگز کھیل کر پہلی ڈبل سنچری سکور کرنے والے بیٹرز میں لیجنڈری ویسٹ انڈین بیٹر برائن لارا اور بھارت کے چتیشور پجارا شامل ہیں جنہوں نے 9،9 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے مارنس لبسشین نے 22، برطانوی بلے باز جو روٹ نے 30، سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے 34، سابق آسٹریلین کپتان سٹیو سمتھ نے 57، سابق کیوی ٹیسٹ کپتان کین ولیمسن نے 71، سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 73، سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے 76، آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 84، سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے 104 اور سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے 110 اننگز کھیل کر اپنی پہلی ڈبل سنچری سکور کی تھی ۔

یاد رہے کہ سعود شکیل نامور بلے بازوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے کیریئر کے پہلے چھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ 27 سالہ سعود شکیل نے اب اپنے پہلے چھ ٹیسٹ میچوں میں 818 رنز بنائے ہیں، وہ سنیل گواسکر اور ڈان بریڈمین کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے اپنے پہلے چھ میچوں میں بالترتیب 912 اور 862 رنز بنائے تھے۔

سٹائلش بلے باز نے ہیری بروک، جارج ہیڈلی اور عبداللہ شفیق کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے اتنے ہی میچوں میں بالترتیب 809، 730 اور 720 رنز بنائے۔ اس سے قبل میچ میں انہوں نے سری لنکا میں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی سکور کرنے والوں کی فہرست میں محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ بات قابل غور ہے کہ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی 12 اننگز کے بعد اب کسی پاکستانی کی جانب سے کیریئر کے سب سے زیادہ مجموعی رنز کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
وقت اشاعت : 22/07/2023 - 12:25:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :