جنوبی افریقہ کیخلاف ورلڈکپ میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی

چنئی میں شیڈول پاکستان کے چھٹے ورلڈکپ ٹاکرے کیلئے ٹیم میں 1 تبدیلی کیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 اکتوبر 2023 19:21

جنوبی افریقہ کیخلاف ورلڈکپ میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اکتوبر 2023ء ) جنوبی افریقہ کیخلاف ورلڈکپ میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ 11 سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف جمعہ 27 اکتوبر کو چنئی میں شیڈول پاکستان کے چھٹے ورلڈکپ ٹاکرے کیلئے ٹیم میں 1 تبدیلی کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن علی کی جنوبی افریقہ کے خلاف کل بروز جمعہ شیڈول اہم میچ میں شرکت مشکوک ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حسن علی کی جگہ کل محمد وسیم جونیئر کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ فاسٹ بولر حسن علی آج پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہوئے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں امام الحق، عبد اللہ شفیق، کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، حارث روف اور محمد وسیم شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستان ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے پریکٹس پر آرام کو ترجیح دی تاکہ میچ میں تازہ دم ہوکر ایکشن میں ہوں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں جمعہ کو جنوبی افریقہ سے میچ کھیلے گی اور ورلڈ کپ میں بقا کیلئے اس میچ میں جیت اہم ہے، پاکستان ٹیم کو پچھلے تین میچز میں شکست ہوئی تھی۔

میچ سے قبل جمعرات کو پاکستان ٹیم کا آپشنل ٹریننگ سیشن رکھا گیا جس میں ورلڈ کپ پلیئنگ اسکواڈ کے 8 اور ریزرو اسکواڈ کے تینوں پلیئرز نے حصہ لیا۔ فاسٹ بولرز شاہین آفریدی، حارث روف اور حسن علی پریکٹس سیشن میں نہ آئے ، وکٹ کیپر محمد رضوان، اوپنر عبداللہ شفیق ، اسپنر اسامہ میر اور آل رانڈر محمد نواز نے بھی آرام کو ترجیح دی۔ ڈھائی گھنٹے جاری رہنے والے سیشن میں جو پلیئرز موجود تھے ان میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ امام الحق، افتخار احمد، فخر زمان ، سلمان علی آغا، وسیم جونیئر اور سعود شکیل شامل تھے ۔

ریزرو اسکواڈ کے ابرار احمد، محمد حارث اور زمان خان نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر، کپتان بابر اعظم کے ساتھ گفتگو کرتے رہے، کھلاڑیوں نے نیٹس پر پاوور ہٹنگ کی بھی پریکٹس کی ۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں جمعہ کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ایم اے چدمبرم سٹیڈیم، چنائی کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی ۔

یہ میگا ایونٹ کا 26واں میچ ہوگا۔ میچ دن ایک بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پانچ ، پانچ میچ کھیل چکی ہیں جن میں پاکستان کی ٹیم دو میچز جیت چکی ہے اور تین میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی پانچ میچ کھیل چکی ہے اور اس کو چار میچ میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی تھی۔ پاکستان ٹیم کو مایہ ناز بلے باز بابر اعظم لیڈ کریں گے جبکہ جنوبی افریقہ ٹیم مایہ ناز بلے باز ٹیمبا بووما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔
وقت اشاعت : 26/10/2023 - 19:21:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :