رزاق کو جگتیں مارنے کا بہت شوق ہے، شاہد آفریدی نے ایشوریا سے متعلق بیان پر ہنسنے کی وجہ بتا دی

وہاں سب لوگ ہنس رہے تھے، یقین کریں میں گھر آیا تو مجھ سے کسی نے کلپ شیئر کی کہ رزاق نے بات کی کیا ہے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 15 نومبر 2023 15:42

رزاق کو جگتیں مارنے کا بہت شوق ہے، شاہد آفریدی نے ایشوریا سے متعلق بیان پر ہنسنے کی وجہ بتا دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 نومبر 2023ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایشوریا رائے سے متعلق سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق کے بیان پر ہنسنے کی وجہ بتا دی ۔ "جیو نیوز " کے مطابق 2 روز قبل کراچی میں ایک تقریب ہوئی جس میں سابق کرکٹرز نے شرکت کی جن میں شاہد آفریدی، عبدالرزاق، کامران اکمل، مصباح الحق، عمر گل، سعید اجمل، راشد لطیف اور شعیب ملک بھی شامل تھے۔

دوران گفتگو پی سی بی پر تنقید کرتے ہوئے رزاق نے بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے پر نامناسب جملے کہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان پر کڑی تنقید کی گئی۔ ان کے ساتھ بیٹھے عمر گل اور شاہد آفریدی اس بیان پر ہنسے اور تالیاں بجائیں جس کے بعد ان دونوں پر بھی تنقید کی گئی تاہم اب شاہد آفریدی نے اس پر وضاحت جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم اسٹیج پر بیٹھے تھے تو رزاق نے کچھ بات کی، اس کے ہاتھ میں مائیک تھا، اسے جگتیں مارنے کا بہت شوق ہے، مجھے پتا تھا وہ ایسی کوئی بات کرے گا، میں ویسے ہی ہنسنے لگا، مجھے بات کی سمجھ نہیں آئی تھی ،وہاں سب لوگ ہنس رہے تھے، یقین کریں میں گھر آیا تو مجھ سے کسی نے کلپ شیئر کی کہ رزاق نے بات کی کیا ہے، جب میں نے غور سے سنا کہ اس نے تو اصل میں یہ کہا تھا تو مجھے بہت عجیب لگا کیونکہ میں ویسے ہی ہنس رہا تھا، یہ سن کر میں نے سوچا کیا ہوگیا ہے رزاق کو۔

یہ بہت غلط مذاق تھا، اس قسم کا مذاق ہرگز نہیں ہونا چاہیے، میں رزاق کو میسج کرکے کہوں گا کہ معافی مانگے'۔
وقت اشاعت : 15/11/2023 - 15:42:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :