آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا، گھر کے شیر بھارت کو احمد آباد میں عبرت ناک شکست

ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری، لبسشین کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 19 نومبر 2023 20:52

آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا، گھر کے شیر بھارت کو احمد آباد میں عبرت ناک شکست
احمد آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 نومبر 2023ء ) آسٹریلیا چھٹی مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا ،گھر کے شیر بھارت کو احمد آباد میں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 6 بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987ء، 1999ء، 2003ء، 2007ء اور 2015ء میں بھی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 47 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کی اننگز کی شروعات ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے کی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صرف 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

41 کے مجموعی اسکور پر کینگروز کو دوسرا نقصان مچل مارش کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔

47 کے مجموعی سکور پر سٹیو سمتھ بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ٹریوس ہیڈ نے 95 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی جبکہ مارنوس لبوشین نے نصف سنچری بنائی۔ اس سے قبل ورلڈکپ فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو کامیابی کے لیے 241 رنز کا ہدف دیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی ٹیم کے اوپنر شبمن گل میگا ایونٹ کے فائنل میں ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان روہت شرما نے 47 جبکہ ویرات کوہلی نے 54 رنز اننگز کھیلی۔ مڈل آرڈر بیٹر کے ایل راہول نے 66 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شریاس ایر 4، رویندرا جڈیجا 9، محمد شامی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ سوریا کمار یادیو نے 18،جسپریت بمرا نے ایک رن بنایا، کلدیپ یادیو 10 اور محمد سراج نے 9 رنز بنائے۔ بھارتی ٹیم مقررہ اوورزمیں 240 رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ایڈم زیمپا اور گلین میکسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں، کوشش کریں میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ آج تاریخ دوہرانے کا موقع ہے کوشش کریں گے ٹائٹل اپنے نام کریں۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا کہنا ہے کہ پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ آسٹریلیا کا اسکواڈ کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبشگن، جوش انگلیس، مارنس لبوشین، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل ہے جبکہ بھارت کا اسکواڈ کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 19/11/2023 - 20:52:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :