’8 ہزار روپے دو گے تو جانے دیں گے ورنہ تھانے چلو‘

سندھ پولیس نے قومی کرکٹرز کو بھی نہ بخشا‘ عامر یامین اور صہیب مقصود سے رشوت لے لی‘ آئی جی سندھ کا نوٹس

Sajid Ali ساجد علی منگل 28 نومبر 2023 12:43

’8 ہزار روپے دو گے تو جانے دیں گے ورنہ تھانے چلو‘
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2023ء ) سندھ پولیس کی جانب سے قومی کرکٹرز عامر یامین اور صہیب مقصود سے رشوت لینے کا واقعہ سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹر صہیب مقصود اور عامر یامین نے سندھ پولیس پر رشوت لینے کا الزام عائد کردیا، اس حوالے سے صہیب مقصود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ ’ زندگی میں پہلی بار کراچی سے ملتان بذریعہ روڈ سفر کیا، سندھ پولیس اتنی کرپٹ ہے کہ 50 کلومیٹر کے بعد آپ کو روک کر پیسے مانگتی ہے اور نہ دینے کی صورت میں تھانے لے جانے کی دھمکی دیتی ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’سندھ پولیس میں کرپشن عروج پر ہے، ہم نے پولیس کو بتایا کہ ہم کرکٹرز ہیں اور کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد واپس ملتان جارہے ہیں پھر بھی انہوں نے ہم سے 8 ہزار روپے لے لیے، ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہم سندھ میں نہیں پنجاب میں رہتے ہیں‘۔

(جاری ہے)

اسی واقعے کے بارے میں عامر یامین کا کہنا ہے کہ ’پولیس اہلکاروں نے ہم سے کہا 8 ہزار روپے دو گے تب ہی جانے دیں گے ورنہ تھانے چلو اور جب ہم نے انہیں بتایا کہ ہم انٹرنیشنل کرکٹرز ہیں تو پولیس والے پھر بھی نہ مانے اور کہا اگر پیسے نہیں دو گے تو 50 کلومیٹر دور پولیس دوبارہ روک لے گی‘۔

بتایا گیا ہے کہ آئی جی سندھ رفعت راجہ نے قومی کرکٹرز عامر یامین اور صہیب مقصود کے ساتھ پیش آئے واقعے کا نوٹس لیا ہے، انہوں نے ڈی آئی جی شہید بے نظیرآباد کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا، ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ رفعت راجہ نے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وقت اشاعت : 28/11/2023 - 12:43:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :