افتخار احمد نے ٹی 10 لیگ پر نیشنل ٹی ٹونٹی کو ترجیح دینے کی وجہ بتا دی

پاکستان کیلئے کھیلنا میرے لیے عزت کا باعث ہے ،اس لیے بطور کھلاڑی، پروفیشنل مجھے بھی یہاں کھیل کر ڈومیسٹک کرکٹرز اور پاکستان کا احترام کرنا چاہیے: آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 نومبر 2023 14:48

افتخار احمد نے ٹی 10 لیگ پر نیشنل ٹی ٹونٹی کو ترجیح دینے کی وجہ بتا دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 نومبر 2023ء ) پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے ابوظہبی ٹی 10 لیگ کے بجائے ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ نیشنل ٹی 20 کپ میں حصہ لینے کے پیچھے دلیل بتائی ہے۔ اگرچہ افتخار احمد کو ابتدائی طور پر 28 دسمبر سے شروع ہونے والے ابوظہبی T10 ٹورنامنٹ کے لیے بنگلہ ٹائیگرز نے سائن کیا تھا لیکن انہوں نے اس کی بجائے پشاور ریجن کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔

افتخار احمد نے نیشنل ٹی 20 سائیڈ لائنز کے دوران ذکر کیا کہ "میرا ٹی 10 لیگ میں معاہدہ تھا لیکن میں نے اسے یہاں ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنے کے لیے منسوخ کر دیا۔" انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد پاکستان کے لیے کھیلا ہے اور پاکستان کے لیے کھیلنا ہی میرے لیے عزت کا باعث ہے اس لیے بطور کھلاڑی اور پروفیشنل مجھے بھی یہاں کھیل کر ڈومیسٹک کرکٹرز اور پاکستان کا احترام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ابوظہبی T10 لیگ 2023ء میں آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی، جن میں سے ہر ایک راؤنڈ رابن فارمیٹ کے گروپ مرحلے میں حصہ لے گی، اور ٹورنامنٹ کے تمام میچ ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ہیں۔ دریں اثناء نیشنل ٹی ٹونٹی اس وقت کراچی کے چار مقامات پر زور و شور سے جاری ہے جس میں اٹھارہ حصہ لینے والی ٹیمیں شامل ہیں۔ گروپ مرحلے کے جاری میچز 28 نومبر کو اختتام پذیر ہوں گے، سپر ایٹ مرحلے کا آغاز یکم دسمبر سے ہونا ہے۔
وقت اشاعت : 28/11/2023 - 14:48:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :