بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے بطور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا

نگران حکومت کی طرف سے ایڈہاک صدر کا تقرر غیرقانونی اور غیر آئینی ہے،صدر پی ایچ ایف کاانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا اعلان

ہفتہ 23 دسمبر 2023 20:50

بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے بطور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2023ء) بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے بطور صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک بنیادوں پر صدر لگا کر دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، نگران حکومت کی طرف سے ایڈہاک صدر کا تقرر غیرقانونی اور غیر آئینی ہے،صدر پی ایچ ایف نے یانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو صورتحال سے آگاہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی نیشنل اسپورٹس پالیسی کی تاحال منظوری نہیں ہوئی،اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے عدالت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل نہ کر کے توہین عدالت کی گئی ہے،ایڈہاک کا نوٹیفیکیشن جاری کر کے میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ پاکستان کے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات میں الیکشن کمیشن کا حوالہ دینا اور این او سی سمجھ سے بالاتر ہے،پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اسپورٹس بورڈ کی اربوں روپے کی مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے خط لکھا،قومی کھیل ہاکی کو فنڈز سے محروم جبکہ چیس اور ٹن پن کو کروڑوں کا صوابدیدی فنڈ دیا گیا،ایشیئن گیمز میں دوکروڑ 94 لاکھ روپے اپنی گرہ سے لگائے، کراچی اور لاہور کے ملازمین کو تنخواہیں اپنی گرہ سے دیں ،غیرقانونی نوٹیفیکیشن واپس نہ لیا گیا تو ایف آئی ایچ اور آئی او سی کو خطوط لکھے جائیں گے،حکومت اسپورٹس فیڈریشنز کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی،نگران حکومت کی مداخلت فیڈریشن پر پابندی کا باعث بن سکتی ہے،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر پر غیر قانونی قبضہ کرنے کی کوشش افسوسناک ہے اس سے ہاکی کا کھیل متا ثر ہوگا۔

وقت اشاعت : 23/12/2023 - 20:50:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :