عمران خان کے کہنے پر لاہور قلندرز کا کپتان بنایا گیا، شاہین آفریدی کا انکشاف

بائیں ہاتھ کے 23 سالہ تیز گیند باز نے فرنچائز کو 2 سال میں 2 پی ایس ایل ٹائٹل جتوائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 فروری 2024 11:25

عمران خان کے کہنے پر لاہور قلندرز کا کپتان بنایا گیا، شاہین آفریدی کا انکشاف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2024ء ) قومی ٹیم کے ٹی20 کپتان شاہین شاہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کو مجھے کپتان بنانے کا مشورہ دیا تھا۔ کرک انفو کو دیئے گئے انٹرویو میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے کہا کہ میں نے انڈر-19 یا ڈومیسٹک سطح پر کبھی کسی ٹیم کی بطور کپتان نمائندگی نہیں کی لیکن 2021ء میں لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا اور ہیڈکوچ عاقب جاوید کے ہمراہ جب سابق وزیراعظم عمران خان کے دفتر میں بیٹھا تھا، جب عمران خان نے مجھے کپتان بنانے کا مشورہ دیا۔

لاہور قلندرز کی کپتانی شاہین آفریدی کو ملنے سے قبل فرنچائز مسلسل ناکامیوں سے دوچار تھی، متعدد کپتان تبدیل کیے جانے کے باوجود ٹیم کی قسمت نہ کھلی۔

(جاری ہے)

لاہور قلندرز نے شاہین کی قیادت میں 2022ء کا ٹائٹل جیتا جبکہ 2023ء میں اسکا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بنی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2022ء میں لاہور قلندرز کیلئے ٹائٹل جیتنے کے بعد سابق کپتان اور وزیراعظم عمران خان سے ملنے گیا تھا اور ان سے کہا ‘کم از کم اب ہم نے ایک ٹائٹل جیت لیا ہے!’، جب میری کپتانی شروع ہوئی تب تک مجھے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔

“عمران خان نے کہا کہ زیادہ تر عظیم فاسٹ باؤلرز کپتان رہے ہیں کیونکہ فاسٹ باؤلرز کے پاس فیلڈ سیٹ کرنے کا اختیار ہوتا ہے اور وہ دوسرے فاسٹ باؤلرز کو سمجھتے ہیں کہ انہیں کس چیز کی ضرورت ہے اور وہ کیا کر رہے ہیں۔ اس کی طرف سے حکمت کی وہ چند باتیں میرے لیے بہت قیمتی تھیں اور میں انہیں اس کا پورا کریڈٹ دینا چاہوں گا۔"
وقت اشاعت : 17/02/2024 - 11:25:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :