پی ایس ایل نائن،کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی

اتوار 25 فروری 2024 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2024ء) پاکستان سپر لیگ کے 9 ویں ایڈیشن کے 10 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 175 رنز بنائے،لاہور قلندرزکے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

ان کے علاوہ جارج لینڈا 26 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ریسی وین ڈر ڈاوسن نے بھی 26 رنز بنائے ، شائی ہوپ نے 21 جبکہ جہانداد خان نے 12 رنزبنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے میرحمزہ، حسن علی اور تبریز شمسی نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

جواب میں کراچی کنگز نے نے 176 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔44رنز پر 4وکٹیں گرنے کے بعد کیرن پولارڈ نے میدان سنبھالا، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 33گیندوں پر 5چھکوں کی مدد سے 58رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، شعیب ملک 39کپتان شان مسعود 10، محمد اخلاق 7، محمدنواز 15رنز بنا سکے، عرفان خان 12اور میر حمزہ 1رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، زمان خان اور احسن حفیظ نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رائوف اور جہانداد خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ کراچی کنگز نے ایونٹ میں تین میچز کھیلے ہیں جن میں دو میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک چار میچز کھیلے اور چاروں میں اسے ناکامی کا سا منا کر نا پڑا۔ کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر کہا کہ ٹیم کی اب تک کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں، ہم اسی لائن اپ کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔

امید ہے تمام کھلاڑی ویسی ہی کارکردگی دکھائیں گے جیسی انہوں نے گزشتہ میچ میں دکھائی تھی۔لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ہماری بیٹنگ اور بولنگ اب تک اچھی رہی ہے لیکن فیلڈنگ میں مسائل ہیں۔ حارث رف نے اب تک کلک نہیں کیا لیکن ہم زمان خان کے ساتھ ساتھ ان کی فارم میں واپسی کے لیے پرامید ہیں۔ویسٹ انڈینز وکٹ کیپر بلے باز شائی ہوپ بھی آج کے میچ میں لاہور قلندرز کا حصہ بنے وہ بی پی ایل کھیلنے کی وجہ سے ابتدائی تین میچز میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
وقت اشاعت : 25/02/2024 - 00:10:09