پی ایس ایل 9: سرفراز احمد گیند لگنے کے باعث ملتان کیخلاف جاری میچ سے باہر

پہلی اننگز میں آخری اوور کے دوران وکٹ کیپر بلے باز سر پر بال لگنے کی وجہ سے میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 25 فروری 2024 16:55

پی ایس ایل 9: سرفراز احمد گیند لگنے کے باعث ملتان کیخلاف جاری میچ سے باہر
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 فروری 2024ء ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اتوار کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے میچ سے باہر ہو گئے۔ ملتان کی اننگز کے آخری اوور کے دوران ایک گیند سرفراز کے سر پر لگی جس کے بعد ان کی جگہ محمد سجاد علی نے کیپر کے طور پر کام کیا۔

سجاد علی اب گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان کی جگہ بھی بلے کے ساتھ کنکشن متبادل کے طور پر لیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 181 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ریلی روسو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، اوپنر عثمان خان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان محمد رضوان نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

ریزا ہینڈرکس اور طیب طاہر نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ہینڈرکس 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ طیب طاہر نے 35 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے 2 جبکہ ابرار احمد اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے سلطانز کیخلاف ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کرکے پریشر بڑھائیں۔

اس موقع پر ملان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کوشش ہوگی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرکے میچ میں فتح سمیٹیں۔ ٹورنامنٹ میں اب تک ملتان سلطانز نے 4 میچ کھیل کر 3 جیتے ہیں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے تینوں میچ جیتے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ ریلی روسو کپتان، جیسن رائے، سعود شکیل، خواجہ نافے، سرفراز احمد، شیرفین ردرفورڈ، عقیل حسین، محمد وسیم جونیئر، عثمان طارق، محمد عامر، ابرار احمد پر مشمتل ہے جب کہ ملتان سلطانز کا اسکواڈ محمد رضوان کپتان، عثمان خان، رضا ہینڈرکس، طیب طاہر، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، آفتاب ابراہیم، عباس آفریدی، محمد علی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 25/02/2024 - 16:55:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :