پی ایس ایل9 ، پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو8 رنز سے ہرادیا،صائم ایوب پلیئر آف دی میچ قرار

پیر 26 فروری 2024 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2024ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دیکر دوسری کامیابی حاصل کر لی، لاہور قلندرز کو متواتر پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 212 رنزکے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 203رنز بنا سکی،وانڈرڈوسن کی جارحانہ سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، صائم ایوب کو 88رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل نائن کے بارہویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر211 رنز بنائے،اوپنر بابر اعظم اور صائم ایوب کے درمیان 136 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، بابراعظم 48 اور صائم ایوب88 رنز بناکر نمایاں رہے،علاوہ ازیں روومین پال نے 20 گیندوں پر46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی،آصف علی6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد حارث 12 اور والٹر 2 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے،لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے3 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی،ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی اوپننگ جوڑی اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی، صاحبزادہ فرحان15 اور فخر زمان صرف4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،ریسی وانڈرڈوسن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئےحریف بائولرز کی خوب درگت بنائی،، انہوں نے چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے52 گیندوں پر104 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، شائی ہوپ 29، احسن حفیظ 20، جہانداد خان 13 اور سکندر رضا صرف ایک رن بناسکے، کارلوس براتھویٹ6 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے،پشاور زلمی کی طرف سے نوین الحق نے 2، لوک ووڈ، پال والٹر اور سلمان ارشاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی،حارث رئوف انجری کے باعث پی ایس ایل 9 سے باہر ہوگئے اور میچ نہ کھیل سکے، وہ24 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران کیچ پکڑتے ہوئے کندھے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی، اسے 5 میچز میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پشاور زلمی نے اب تک4 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے2 میں شکست اور 2 میں کامیابی ملی۔
وقت اشاعت : 26/02/2024 - 00:00:06