نیوزی لینڈ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے نام کا اعلان کر دیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیویز کیخلاف رواں ماہ شیڈول سیریز کیلئے بھاری بھرکم مینیجمنٹ تعینات کر دی

muhammad ali محمد علی پیر 8 اپریل 2024 22:50

نیوزی لینڈ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے نام کا اعلان کر دیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2024ء) نیوزی لینڈ سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے نام کا اعلان کر دیا گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیویز کیخلاف رواں ماہ شیڈول سیریز کیلئے بھاری بھرکم مینیجمنٹ تعینات کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہرمحمود کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ۔

اظہرمحمود اس قبل پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں، وہاب ریاض سینئر ٹیم منیجر اور منصور رانا ٹیم منیجر ہوں گے، جبکہ محمد یوسف بیٹنگ کوچ اور سعید اجمل اسپن بولنگ باولنگ کوچ مقرر کر دیا گیاہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 18 اپریل سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کل ہونے کا امکان ہے۔ قومی اسکواڈ کے 18 ناموں کا اعلان سلیکٹرز پریس کانفرنس میں کریں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کا اعلان بھی ایک دو روز میں متوقع ہے جبکہ ٹیم مینجمنٹ کے مستقل غیر ملکی ہیڈ کوچز کا اعلان 15 اپریل کے بعد کیا جائے گا۔

اسی طرح اسسٹنٹ کوچ کا اعلان 20 اپریل کے بعد ہوگا، سیریز میں لوکل کوچز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسکواڈ میں قومی کرکٹر عثمان خان، عماد وسیم، محمد عامر اور عرفان نیازی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ دیگر نئے کھلاڑیوں میں زمان خان، ابرار احمد اور اسامہ میر کو بھی نیوزی لینڈ سیریز میں موقع دیا جائے گا۔

آغا سلمان، صاحبزادہ فرحان، وسیم جونیئر، عباس آفریدی کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 اپریل کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیں گے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ عثمان خان پاکستان کے لیے اہل ہیں اور وہ کھیلیں گے۔
وقت اشاعت : 08/04/2024 - 22:50:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :