کیویز کیخلاف سیریز کے پہلے میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ 11 سامنے آ گئی

راولپنڈی ٹاکرے کے دوران شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیے جانے کا امکان، محمد عامر 4 برس بعد پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلیں گے

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اپریل 2024 00:36

کیویز کیخلاف سیریز کے پہلے میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ 11 سامنے آ گئی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل2024ء) کیویز کیخلاف سیریز کے پہلے میچ کیلئے پاکستان کی ممکنہ 11 سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ راولپنڈی ٹاکرے کے دوران شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیے جانے کا امکان، محمد عامر 4 برس بعد پاکستان کی جانب سے پہلا میچ کھیلیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیویز کیخلاف پہلے میچ کیلئے بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، عثمان خان، فخر زمان، اعظم خان، شاداب خان، عماد وسیم، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور محمد عامر میدان میں اتریں گے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہے اور وہ میزبان پاکستان ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 اپریل کو ،دوسرا میچ 20 اپریل ، تیسرا میچ 21 اپریل ،چوتھا میچ 25 اپریل کو جبکہ پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 27 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ چوتھا اور پانچواں ٹی ٹونٹی میچ قذافی سٹیڈیم، لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ نیوزی لینڈ کو مایہ ناز بیٹنگ آل رائونڈر مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے میچوں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی میچ سے قبل ٹریننگ میں مصروف ہیں ۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن راولپنڈی میں بارش کے سبب منسوخ کر دیا گیا تھا۔قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا پریکٹس سیشن پیر کو شام 7 بجے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ترتیب تھا لیکن جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے پیر کو بھی آرام کیا، بلیک کیپس کی ٹیم انتظامیہ نے ہوٹل میں میٹنگ کی جس میں پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے حوالے سے حکمت عملی بنائی گئی۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 17/04/2024 - 00:36:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :