نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ ، کوئٹہ، ملتان اور لاہور کی اپنے میچوں میں کامیابیاں

جمعہ 19 اپریل 2024 20:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں کوئٹہ، ملتان اور لاہور نے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی،گل فیروزہ نے 142 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، رامین شمیم نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جاری نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں جمعہ کے روز کھیلے گئے میچوں میں کوئٹہ، ملتان اور لاہور نے کامیابی حاصل کرلی۔

ان میچوں کی خاص بات ملتان کی گل فیروزہ کی راولپنڈی کے خلاف 142 رنز کی شاندار اننگز تھی۔اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ نے پشاور کو 16 رنز سے ہرادیا، کوئٹہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عریجہ حسیب 46 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں، رامین شمیم نے 27 رنز بنائے، مومنہ ریاست، علینہ شاہ اور ماہ نور آفتاب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

پشاور کی ٹیم جواب میں 159 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ طیبہ عماد نے 44 رنز سکور کیے۔رامین شمیم نے آف سپن بائولنگ سے 19 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔جواد کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں لاہور نے کراچی کو ہرادیا، میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43 اوورز میں چار وکٹوں پر 138 رنز بنائے، ارم جاوید نے 49 رنز بنائے، انوشے ناصر نے 7 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں، بارش کے سبب کراچی کو 167 رنز کا ہدف دیا گیا۔

کراچی کی ٹیم 43 اوورز میں 166 رنز بنا پائی ۔نورین یعقوب نے 30 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، اس طرح یہ میچ ٹائی ہوگیا۔ سپر اوور میں لاہور نے کامیابی حاصل کرلی۔بوہڑانوالی گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ملتان نے راولپنڈی کو 141 رنز سے ہرادیا۔ ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے۔ گل فیروزہ نے 19 چوکوں کی مدد سے 142 رنز بنائے۔ حمنہ بلال نے 25 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔راولپنڈی کی ٹیم 25.5 اوورز میں 99 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عائمہ سلیم نے 20 رنز بنائے۔ نورالایمان نے 23رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔گل فیروزہ پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
وقت اشاعت : 19/04/2024 - 20:10:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :