اے ایس علی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی، پنجاب اور بلوچستان نے اپنے میچز جیت لئے، سنول شہزادہ کی ڈبل سنچری

منگل 23 اپریل 2024 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) اے ایس علی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی میں پنجاب اور بلوچستان نے اپنے اپنے میچوں میں کامیابی حاصل کرلی، پنجاب کے سنول شہزادہ نے ڈبل سنچری سکور کی جبکہ نصیب اللہ کی اننگز کی بدولت بلوچستان نے فتح حاصل کی۔ ایونٹ کا ساتواں میچ اسلام آباد اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ہوا جس میں پنجاب نے اسلام آباد کو 29رنز سے شکست دی، پنجاب نے اسلام آباد کے خلاف مقررہ 40 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 482 رنز بنائے ۔

معین اسلم اور سنول شہزادہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کے لیے ایک بڑا ہدف مقرر کیا۔سنول شہزادہ نے صرف 132 گیندوں پر غیر معمولی 232 رنز بنائے، یہ ایک روزہ میچوں میں ان کی پہلی ڈبل سنچری ہے ، ان کے ساتھ معین کی 89 گیندوں پر 132 رنز کی جارحانہ اننگز نے پنجاب کی اننگز کے لئے اچھا ٹوٹل دیا۔

(جاری ہے)

جواب میں اسلام آباد کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کیاتاہم فتح اپنے نام نہ کر سکی، کپتان نثار علی اور کامران اختر نے بالترتیب 156 اور 100 رنز بنائے۔

اسلام آباد بلائنڈ ٹیم اپنے مقررہ 40 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 453 رنز بنا پائی۔ پنجاب کے سنول شہزادہ کو شاندار ڈبل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ایونٹ کاآٹھواں میچ بلوچستان اور کے پی کے کے درمیان پشاور جم خانہ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا گیا جس میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 5وکٹ سے شکست دی۔بلوچستان نے ٹاس جیت کر کے پی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

خیبرپختونخوا نے پہلے کھیلتے ہوئے 33.2 اوورز میں 259 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ محمد راشد نے شاندار سنچری سکور کی ۔ بلوچستان کی جانب سے بولنگ اٹیک بہت زبردست ثابت ہوا۔ ہارون خان اور مطیع اللہ نے بالترتیب 3 اور 2 وکٹیں حاصل کیں ۔جواب میں بلوچستان نے 260 رنز کا ہدف 30.1 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ نصیب اللہ نے 86 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نعمت اللہ 39 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ کے پی کے کی جانب سے اسرار، شاہ زیب، فخر اور عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔بلوچستان کے نصیب اللہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔
وقت اشاعت : 23/04/2024 - 20:40:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :