ایچ بی ایل پی ایس ایل سٹیک ہولڈرز کا اجلاس، شاندار کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

جمعرات 3 جولائی 2025 16:56

ایچ بی ایل پی ایس ایل سٹیک ہولڈرز کا اجلاس، شاندار کارکردگی پر اظہارِ اطمینان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2025ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی انتظامیہ کا ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کی، میڈیا رائٹس پارٹنرز نے پی ایس ایل انتظامیہ کے ساتھ خصوصی ورکشاپس بھی کیں، اجلاس میں پی ایس ایل کے 10 سیزنز کی کارکردگی اور آئندہ کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر فرنچائز مالکان، ٹائٹل سپانسر، میڈیا رائٹس ہولڈرز و دیگر کمرشل شراکت داروں نے شرکت کی۔ویلی ٹیکنالوجیز، ٹرانس گروپ اور اے سپورٹس کی نمائندگی بالترتیب علی عمران، را ئوعمر ہاشم خان اور ایاز امام نے کی، ان تمام نمائندگان نے پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو میں پی ایس ایل کی مستقل ترقی اور شائقین کی بڑھتی دلچسپی کو سراہا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاسے خطاب میں ویلی ٹیکنالوجیز کے سینئر نائب صدر علی عمران نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک شاندار ایونٹ بن چکا ہے، رواں سال ہماری شراکت داری بینگ ، دراز، مائکو، تماشا اور تپمادجیسے بڑے سٹریمنگ پلیٹ فارمز سے رہی جن کے ذریعے 5 کروڑ 74 لاکھ سے زائد شائقین نے میچز دیکھے اور مجموعی ویوز کی تعداد 3.4 ارب سے تجاوز کر گئی،ہم آئندہ سیزن میں مزید ڈیجیٹل جدت لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ٹرانس گروپ کے ڈائریکٹر را ئوعمر ہاشم خان نے کہا کہ ہمیں فخر ہے ہم 10 برسوں سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔ یہ ایونٹ ہر سال ترقی کر رہا ہے اور دنیا کے سب سے بڑے کرکٹنگ ایونٹس میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اے سپورٹس کے سینئر نائب صدر ایاز امام نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ بن چکا ہے۔ گزشتہ دس سالوں میں اس نے شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں،اور ہر سیزن کے ساتھ ہماری براڈکاسٹنگ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔

ایچ بی ایل کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر علی حبیب نے پی ایس ایل کی مستقل مزاجی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں پی ایس ایل نے خود کو پاکستان کی سب سے بڑی سپورٹس برانڈ کے طور پر منوایا ہے، ہر سال شائقین اس کے آغاز کا انتظار کرتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم نے دنیا کو دکھایا پاکستان ایک چھ ہفتے پر مشتمل بین الاقوامی معیار کا ایونٹ کامیابی سے منعقد کر سکتا ہے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا نے آئندہ سیزنز میں پی ایس ایل کو مزید کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
وقت اشاعت : 03/07/2025 - 16:56:37