کراچی میں قومی کرکٹرز کی میڈیا سے گفتگو

سرفراز احمد پرامید جبکہ کامران اکمل نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اٹھا دیئے

Zohaib Mansha ذوہیب منشاء اتوار 17 اگست 2025 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2025ء) قومی کرکٹرز کی کراچی میں تقریب میں شرکت کے دوران سابق کپتان سرفراز احمد اور سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے میڈیا سے گفتگو کی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ تین چار برسوں میں پاکستان کرکٹ کو ایک نئی ٹیم ملی ہے، جس میں حسن نواز، حسین طلعت اور صائم ایوب جیسے نوجوان کھلاڑی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلان کردہ اسکواڈ مضبوط ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یو اے ای کی پچز پر ریکارڈ ہمیشہ شاندار رہا ہے۔ سرفراز احمد نے مزید کہا کہ فخر زمان ایک میچ ونر ہیں اور وہ حالیہ عرصے میں بہترین پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے اولمپک میں کرکٹ کے شامل ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان وہاں بھی گولڈ میڈل اپنے نام کرے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کامران اکمل نے ٹیم سلیکشن پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ٹرائی سیریز کے لیے درست اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا، مگر ایشیا کپ کے لیے زیادہ سوچ بچار کی ضرورت تھی۔ ان کے مطابق بھارت کے خلاف اہم میچ کو مدنظر رکھتے ہوئے سینئر کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ سسٹم مسائل کا شکار ہے اور میرٹ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ پچھلے سات آٹھ سالوں سے مسلسل غلطیاں دہرائی جا رہی ہیں اور اس بار بھی وہی ہوا۔ کامران اکمل نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے اہم کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے تھے مگر سلیکشن پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہو رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بورڈ میں نان کرکٹرز فیصلے کریں گے اور چیئرمین ذاتی مصروفیات میں الجھے رہیں گے تو یہی نتائج سامنے آئیں گے۔
وقت اشاعت : 17/08/2025 - 23:23:32