باسکٹ بال لیگیسی ٹرافی 2025 کے فائنل میں لاہور نے ٹرافی اپنے نام کر لی

پیر 18 اگست 2025 17:22

باسکٹ بال لیگیسی ٹرافی 2025 کے فائنل میں لاہور نے   ٹرافی اپنے نام کر لی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) باسکٹ بال لیگیسی ٹرافی 2025 کے فائنل میں لاہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد کو 74 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور انعامات سے نوازا۔

تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان اور عمران الیاس کے ساتھ چیئرمین پریسبیٹیرین میڈیکل بورڈ آف پاکستان مجید ایبل بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے عدم برداشت کے رجحانات ختم ہوں گے اور معاشرے میں برداشت و ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

چیئرمین پریسبیٹیرین میڈیکل بورڈ آف پاکستان مجید ایبل نے کہا کہ ٹیکسلا میں اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کھیلوں کی اہمیت اور کمیونٹی کے اتحاد کا ثبوت ہے۔ کھیل نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ فائنل میچ میں مقامی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وقت اشاعت : 18/08/2025 - 17:22:54