صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرکی زیرصدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم اجلاس

بدھ 17 ستمبر 2025 22:10

صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرکی زیرصدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب میں پیڈل ٹینس کے فروغ اور اس کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں انٹرنیشنل معیار کے پیڈل ٹینس کورٹ تعمیر کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں جدید پیڈل ٹینس کورٹ کی تعمیر جلد شروع ہو رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو جدید گیم سے روشناس کرایا جا سکے،اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال ، ڈی جی سپورٹس خضر افضال چودھری،صدر پاکستان پیڈل فیڈریشن منصور علی خان، جنرل سیکرٹری فاحد بخش الٰہی، ایسوسی ایٹ سیکرٹری بیرسٹر بلال شفیق ودیگر نے شرکت کی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب عالمی سطح کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، کھیلتا پنجاب پنک گیمز'' میں پیڈل ٹینس کو شامل کیا جا رہا ہے جبکہ صوبہ پنجاب میں پہلی مرتبہ یہ جدید کھیل متعارف کرایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور پیڈل ٹینس ایسوسی ایشن باہمی تعاون کے ذریعے اس کھیل کو فروغ دیں گے،اگلے سال پیڈل ٹینس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیرکھیل پنجاب نے ہدایت کی کہ پیڈل ٹینس ایونٹ جلد منعقد کرانے کے لیے جامع پریزنٹیشن تیار کی جائے اور ساتھ ہی اپنی روایتی کھیلوں کو بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے واضح کیا کہ پیڈل ٹینس کورٹ کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنایا جائے گا اور جلد ہی لاہور میں پہلا انٹرنیشنل پیڈل ٹینس میچ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد سے پنجاب کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا اور نوجوان نسل کو نئی سمت ملے گی۔
وقت اشاعت : 17/09/2025 - 22:10:48