وزیراعلی پنجاب سپورٹس اکیڈمیز میں مختلف کھیلوں کے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کا سلسلہ جاری

منگل 14 جولائی 2026 17:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام جاری وزیراعلی پنجاب سپورٹس اکیڈمیز میں مختلف کھیلوں کے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سی ایم پنجاب آرچری اکیڈمی میں 35 سے زائد لڑکوں اور لڑکیوں نے تربیتی سیشن میں حصہ لیا، جہاں کوچ محمد تیمور شاہ نے کھلاڑیوں کو درست نشانہ لگانے اور آرچری کی بنیادی و جدید تکنیکوں سے آگاہ کیا۔

تربیتی سیشن کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان آرچری کے نمائشی مقابلے بھی منعقد کیے گئے تاکہ وہ عملی طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سپورٹس اکیڈمیز میں اس وقت 2500 سے زائد کھلاڑی مختلف کھیلوں کی مفت تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سپورٹس اکیڈمیز کی تعداد 19 سے بڑھا کر 25 کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اکیڈمیز میں 6 سے 19 سال عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کو سال بھر مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔ محمد طارق قریشی کے مطابق ان سپورٹس اکیڈمیز کا مقصد ایسے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنا ہے جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔
وقت اشاعت : 14/07/2026 - 17:04:08