پی سی بی ڈیجیٹل شو : حیدر علی نے تین میچز میں دو نصف سنچریاں ، شاہنواز دھانی نے 6 وکٹیں حاصل کیں

پیر 17 اگست 2026 20:15

پی سی بی ڈیجیٹل شو : حیدر علی  نے تین میچز میں دو نصف سنچریاں ، شاہنواز دھانی نے 6 وکٹیں حاصل کیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2026ء) پاکستان گولڈ کے بیٹر حیدر علی اور پاکستان وائٹس کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے پی سی بی ڈیجیٹل شو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی کارکردگی، تیاری اور کرکٹ کے تجربات پر اظہار خیال کیا۔حیدر علی نے پاکستان گولڈ کی جانب سے تین میچز میں دو نصف سنچریاں سکور کی، وہ71 رنز کی اوسط سے 143 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ رن اسکوررز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

حیدر علی نے69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان گولڈ کو میچ میں کامیابی دلائی۔حیدر علی کا کہنا تھا کہ انہیں خود پر یقین تھا کہ وہ میچ جتوا سکتے ہیں، شروع میں وکٹیں گرنے کے باوجود انہوں نے مومینٹم برقرار رکھنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے وائٹ بال کیمپ میں انہوں نے اسٹرائیک روٹیشن پر بھی کام کیا، جس کا انہیں میدان میں فائدہ ہوا۔

دوسری جانب شاہنواز دھانی نے پاکستان وائٹس کی جانب سے تین میچز میں6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی منفرد سیلیبریشن 2021 سے جاری ہے اور وہ اسی انداز میں وکٹ لینے کا جشن مناتے ہیں۔شاہنواز دھانی نے کہا کہ بائولنگ میں بہتری کے لیے وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کو بہت اہم سمجھتے ہیں، گزشتہ سیزن میں انہوں نے16 چار روزہ میچز کھیلے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ لازمی کھیلیں،چاہے اس کے لیے کوئی لیگ ہی کیوں نہ چھوڑنی پڑے۔شاہنواز دھانی کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کیمپ میں تیاری کی وجہ سے ملتان کے موسم میں کھیلنے کے حوالے سے انہیں کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 17/08/2026 - 20:15:29