ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن کے مقابلے اختتام پذیر، ایران کی پہلی پوزیشن، پاکستان نویں نمبر پر رہا

جمعہ 21 اگست 2026 17:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن2026 کے مقابلے لاہور میں اختتام پذیر ہوگئے،سینئر کیوروگی کی مجموعی16 ویٹ کیٹگریز میں ایران نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی،جبکہ کوریا دوسرے اور قازقستان تیسرے نمبر پر رہا۔پومزے کیٹگری میں پاکستان نے میدان مار لیا اور تین گولڈ،تین سلور اور نو برائونز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

جناح سپورٹس کمپلیکس لاہور کینٹ میں منعقد ہونے والے ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ کے آخری روز بھی مختلف کیٹگریز کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جاری رہے۔سینئر کیوروگی کی16 ویٹ کیٹگریز میں ایران کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات گولڈ،ایک سلور اور آٹھ برائونز میڈلز حاصل کرکے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

کوریا کی ٹیم نے پانچ گولڈ،چار سلور اور چھ برائونز میڈلز کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی،جبکہ قازقستان نے دو گولڈ اور تین برائونز میڈلز جیت کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔سینئر کیوروگی کے مجموعی نتائج میں ازبکستان چوتھے، تھائی لینڈ پانچویں، اردن چھٹے، سعودی عرب ساتویں، روس آٹھویں اور پاکستان نویں نمبر پر رہا۔پومزے کے مقابلوں میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گولڈ، تین سلور اور نو برائونز میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

کوریا نے تین گولڈ اور ایک سلور میڈل کے ساتھ دوسری جبکہ ایران نے ایک گولڈ، تین سلور اور تین برائونز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔پومزے کے مجموعی نتائج میں افغانستان چوتھے،مصر پانچویں اور سری لنکا چھٹے نمبر پر رہا۔ایونٹ کے آخری روز پیرا ایتھلیٹس کے مقابلے بھی منعقد ہوئے،جن میں کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

بین الاقوامی سطح کے اس ایونٹ میں ایشیا سمیت مختلف ممالک کے بہترین تائیکوانڈو کھلاڑیوں نے شرکت کی،جس سے لاہور میں ہونے والے مقابلوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن2026 کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں تائیکوانڈو کے کھیل کو عالمی سطح پر فروغ دینے اور ملکی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کا اہم موقع ملا۔مقابلوں کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں کی کامیابیوں کو سراہا گیا۔
وقت اشاعت : 21/08/2026 - 17:24:46