سابق کپتان یونس خان کی پی ایس ایل تقریب میں نہ بلانے پربورڈ سے ناراضی ختم

بدھ 30 ستمبر 2015 19:47

سابق کپتان یونس خان کی پی ایس ایل تقریب میں نہ بلانے پربورڈ سے ناراضی ختم

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء ) سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ان ملازمین کو بیروزگاری سے بچا لیا جو پاکستان سپر لیگ کی تقریب میں انہیں نہ مدعو کرنے کی بدانتظامی میں ملوث تھے۔ چیئرمین بورڈ شہریار خان نے اعتراف کیا ہے کہ تقریب میں یونس کو مدعو نہ کرنا بدانتظامی تھی جو اس قسم کی بڑی تقاریب میں ہوجاتی ہے لیکن ایسا دانستہ نہیں ہوا تھا۔

بورڈ نے یونس خان سے بات کرکے ان کا موقف سنا۔ اب انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور معاملہ ختم ہوگیا۔ یونس کے علاوہ فاسٹ بولر سہیل خان کو بھی نظر انداز کیا گیا تھا حالانکہ وہ بھی اس روز قومی اکیڈمی لاہور میں تھے۔ ذرائع کے مطابق یونس خان کی جانب سے الزام سامنے آنے کے بعد جب بورڈ نے تحقیقات کرائیں تو اس میں قومی ٹیم کے ایک آفیشل، شعبہ لاجسٹک اور قومی اکیڈمی کا ایک ملازم براہ راست ملوث تھے جس کے بعد خطرہ تھا کہ تینوں کو ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا لیکن یونس خان کی جانب سے معافی ملنے کے بعد یہ کیس ختم ہوگیا۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے قبل لاہور میں پریس کانفرنس میں شہریار خان نے کہا تھا کہ یونس بڑے کرکٹر اور اچھے آدمی ہیں لہذا ممکن ہے کہ ان کو متنبہ کیا جائے۔ شہریار خان نے یونس خان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ پاکستان سپر لیگ کی تقریب میں انھیں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ وہ مدعو تھے البتہ انھوں نے آنے جانے کا خرچ طلب کیا تھا۔ دوسری جانب نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یونس خان نے دعوت نامہ وصول کیا تھا تاہم وہ وعدے کے باوجود یونس خان کے خلاف شواہد میڈیا کو نہ دے سکے۔

وقت اشاعت : 30/09/2015 - 19:47:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :