پہلی بین الصوبائی قائداعظم گیمز، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیمیں پہلے روز چھائی رہیں،6گولڈ اور3سلور میڈلز جیت لئے

کراٹے اور جوڈو کے مقابلوں میں خواتین نے میدان مارلیا، بیڈمنٹن، ہاکی ، فٹ بال کے مقابلوں میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیمیں فاتح رہیں

ہفتہ 23 اپریل 2016 20:38

پہلی بین الصوبائی قائداعظم گیمز، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیمیں پہلے روز چھائی رہیں،6گولڈ اور3سلور میڈلز جیت لئے

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیمیں پہلی بین الصوبائی قائداعظم گیمز میں پہلے روز چھائی رہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کی مختلف ٹیموں نے کھیلوں کے مقابلوں 6گولڈ اور 3سلور کے میڈلز جیتے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی کراٹے کی خواتین ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کے تمغے جیتے، انفرادی کیٹیگری میں میمونہ قدیر اور ٹیم ایونٹ میں سائرہ، میمونہ اور عائشہ امجد نے سونے کے تمغے جیتے، جوڈو کے مقابلے میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم بازی لے گئی، اوپن کیٹیگری میں عتیقہ نے بلوچستان کی صائمہ کو شکست دیدی جبکہ رفیق نے 52کلو گرام کے مقابلے میں خیبر پختونخوا کے ساجد کو مات دیدی، حنان اور ماہ نور نے سلور میڈل جیتے،بیڈمنٹن کے سنگل مقابلوں میں غزالہ نے گلگت بلتستان کی گل نور کو 3-2،3-2جبکہ انیلہ نے کوثر کو 2-1سے شکست دی، ڈبلز مقابلوں میں غزالہ اور جویریہ نے گل نور اور دینا کو 2-1سے مات دی، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیمیں حریفوں کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں، ہاکی کے مقابلے میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم گلگت بلتستان کی ٹیم کو 14-0سے ہراکر فائنل میں پہنچ گئی، کلثوم نے ہیٹرک کی جبکہ اقصیٰ نے تین گول کئے، مردوں کے ہاکی کے مقابلے میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم نے آزاد کشمیر کی ٹیم کو 6-0سے شکست دی اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنالی، نقاش اور اویس نے دو ، دو جبکہ عامر اور علی حمزہ نے ایک ایک گول کیا، فٹ بال کے مقابلوں میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم نے آزاد کشمیر کو 4-3سے شکست دی، سخت مقابلے کے بعد میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے شعیب، عمر، وقاص اور عثمان نے گول کئے، ٹینس اور والی بال کے مقابلوں میں بھی پہلے روز سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی۔

وقت اشاعت : 23/04/2016 - 20:38:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :