کراچی انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ، افتتاحی میچ میں میڈی کیم گروپ نے آئی بیکس ہرا دیا

جمعہ 22 دسمبر 2023 19:22

کراچی انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ، افتتاحی میچ میں میڈی کیم گروپ نے آئی بیکس ہرا دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2023ء) آرسی اے کراچی انٹر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میڈی کیم گروپ نے آئی بیکس پاکستان کو 118رنز سے ہرا دیا۔ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میڈی کیم گروپ نے آئی بیکس پاکستان کو 118رنز سے ہرا دیا۔

میڈ ی کیم گروپ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 186رنز بنائے۔طحہ محمود نے 40، ارباز خان نے 34فہد انصاری نے 20رنز بنائے۔منیب خان نے 4، محمد جواد نے 3 اور بختیار علی نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں آئی بیکس کی ٹیم 68رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی، شاہ حسین نے 22رنز بنائے، افنا ن خان اور جہانزیب رزاق نے 3،3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مہمان خصوصی نائب صدر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی تابش جاوید نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ ندیم عمر کی قیادت میں کراچی کی کرکٹ صحیح سمت پر جا رہی ہے، شہر کراچی ہمیشہ سے کرکٹ کی نرسری رہا ہے، ہمارا مقصد شہر سے کھلاڑیوں کو گروم کرکے نیشنل ٹیم تک پہنچانا ہے جس کیلئے ہم نے گراس روٹ لیول پر ٹورنامنٹس کے انعقاد کو ترجیح دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں انڈر 13،16 اور 19کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیاہے اور جنوری میں آ ل کراچی انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ شروع کریں گے، کراچی انٹر ڈیپارٹمنٹ کرکٹ نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے سلسلے کی کڑی ہے۔ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے سیکریٹری جاوید احمد خان نے کہا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے صدر ندیم عمر کی قیادت میں اب ٹریک پر آچکی ہے جس کی مثال قائداعظم ٹرافی، ٹی ٹوئنٹی کپ اور انڈر 19کرکٹ چیمپین شپ میں کراچی کی ٹیم کا کامیاب ہونا ہے، ایک روزہ پاکستان کپ کا فائنل کھیلنا بھی بڑی کامیابی ہے۔

جاوید احمد نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ماسٹر آئل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جائیگا، اس ٹورنامنٹ میں 200رجسٹرڈ کلبس حصہ لیں گے۔ تقریب سے چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی خالد نفیس ،جوائنٹ سیکرٹری آر سی اے کے محمد توصیف صدیقی نے بھی خطاب کیا۔
وقت اشاعت : 22/12/2023 - 19:22:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :