پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تقریب

پیر 25 اپریل 2016 12:46

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 اپریل۔2016ء) انگلش فٹبال کلب لیسٹر سٹی کے فٹبالر ریاض محرز کو پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن نے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے جبکہ ٹوٹینہم کے مڈ فیلڈر دیلے آلی سال کے ابھر تے ہوئے نوجوان کھلاڑی قرار پائے ہیں۔الجزائر سے تعلق رکھنے والے محرز نے رواں سیزن میں لیسٹرسٹی کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے اور 34 لیگ میچوں میں 17 گول کرنے کے علاوہ انھوں نے 11 گول کرنے میں تعاون بھی کیا ہے۔

لیسٹر پریمیئر لیگ کے اس سیزن میں سرفہرست ہے اور اسے اس سال یہ ٹائٹل جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔بہترین فٹبالر کے ایوارڈ کے لیے 25 سالہ محرز کا مقابلہ ٹوٹینہم کے فارورڈ ہیری کین، آرسنل کے میسوٹ اوزل، ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے مڈ فیلڈر ڈمیٹری پایٹ اور اپنے ساتھ کھلاڑی جیمی ورڈی اور اینگولو کانٹے سے تھا۔

(جاری ہے)

محرز کو یہ انعام لندن کے گروزوینر ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا ۔

اس موقعے پر محرز نے کہا ’اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے تعاون کے بغیر میں یہ ایوارڈ حاصل نہیں کر پاتا۔‘اس کے ساتھ ہی انھوں نے اپنے مینیجر اور سٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کے بغیر وہ یہ حاصل نہیں کر پاتے۔ انھوں نے اپنی جیت کو ٹیم کے نام معنون کیا۔انھوں نے مزید کہا ’یہ ایوارڈ میرے لیے مزید مخصوص اس لیے ہے کہ اس کے لیے کھلاڑی ووٹ کرتے ہیں جس کامطلب یہ ہے کہ انھوں نے میرا کھیل دیکھا کہ میں رواں سال بہتر تھا اور میں خوش ہوں۔‘اسی تقریب میں مانچسٹر سٹی کی خاتون کھلاڑی ازّی کرسٹیئنسین کو سال کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سنڈرلینڈ کی 20 سالہ بیتھ میڈ کو ابھرتی ہوئی نوجوان کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

وقت اشاعت : 25/04/2016 - 12:46:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :