انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا سنہری موقع موجود

منگل 12 جولائی 2016 21:16

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا سنہری موقع موجود

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جولائی ۔2016ء) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کی بدولت گرین شرٹس کو پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک بننے کا نادر موقع مل گیا ہے۔انگلینڈ کی سرزمین پر 14 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں 3-0 یا 4-0 سے کامیابی کی صورت میں پاکستانی ٹیم عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر پہلی مرتبہ یہ منصب سنبھال لے گی۔

آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں اس وقت آسٹریلیا 118 کے ساتھ پہلے، ہندوستان 112 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستانی ٹیم 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ چوتھے نمبر پر موجود انگلینڈ کے 108 پوائنٹس ہیں۔انگلش کنڈیشنز اور موسم کو دیکھتے ہوئے سیریز کیلئے میزبان انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے اور سیریز میں کلین سوئپ یا 3-0 سے کامیابی کی صورت میں اس کے پاس بھی عالمی نمبر دو بننے کا موقع ہے تاہم پاکستانی ٹیم بہترین کامیابی دکھا کر آئی سی سی رینکنگ کے اجرا کے بعد پہلی مرتبہ عالمی نمبر بن سکتی ہے ٗاگر پاکستانی ٹیم سیریز میں 4-0 یا 3-0 سے کامیابی حاصل کرتی ہے تو اس کے پوائنٹس بالترتیب 119 اور 121 ہو جائیں گے اور وہ آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑ کر عالمی نمبر ایک بن جائیگی۔

(جاری ہے)

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ قومی ٹیم نے آج تک انگلینڈ کے خلاف 2-0 سے بڑے مارجن سے ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی اور اس نے یہ کارنامہ 1996 میں انجام دیا تھا۔سیریز میں 2-1 یا 3-1 سے کامیابی کی صورت پوائنٹس بالترتیب 114 اور 15 ہو جائیں گے اور یوں گرین شرٹس عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی لیکن ساتھ ساتھ رینکنگ کا انحصار ویسٹ انڈیز اور ہندوستان درمیان نتائج پر بھی ہو گا جہاں بڑے مارجن سے کامیابی ہندوستان کو بھی عالمی نمبر ایک بنا دے گی۔

کھلاڑیوں پر نظر دوڑائی جائے تو جو روٹ چوتھے، یونس خان پانچویں اور مصباح الحق دسویں نمبر موجود ہیں جہاں تینوں بلے بازوں کی نظریں بہترین کارکردگی اپنی درجہ بندی بہتر کرنے پر مرکوز ہے۔باؤلنگ کے شعبے میں جیمز اینڈرسن پہلے، اسٹورٹ براڈ تیسرے اور یاسر شاہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں چونکہ جیمز اینڈرسن انجری کے سبب لارڈز ٹیسٹ میں شریک نہیں ہوں گے لہٰذا پہلے ٹیسٹ میچ میں اصل مقابلہ یاسر اور براڈ کے درمیان ہو گا۔اس کے علاوہ 13ویں نمبر پر موجود اسد شفیق اور بالترتین 19ویں اور 20ویں نمبر پر براجمان سرفراز احمد اور اظہر علی بھی اپنی درجہ بندی بہتر بنا سکتے ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے ممکنہ نتائج اور پوائنٹس کی صورتھال کچھ ایسی ہو گی۔

وقت اشاعت : 12/07/2016 - 21:16:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :