ایشین بیچ گیمز میں قومی ٹیم ٹائٹل جیت کر واپس لوٹے گی‘ دو سال قبل ایشین بیچ گیمز میں قومی ٹیم نے چاندی کا تغمہ حاصل کیا تھا،محمد سرور

منگل 6 ستمبر 2016 14:15

اسلام آباد ۔ 06 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 ستمبر۔2016ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری محمد سرور نے کہا ہے کہ ایشین بیچ گیمز میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل جیت کر واپس لوٹے گی‘ دو سال قبل ایشین بیچ گیمز میں قومی ٹیم نے چاندی کا تغمہ حاصل کیا تھا۔ منگل کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے ایشین بیچ گیمز کیلئے 6 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ان سے ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کی توقع ہے انہوں نے کہا کہ دو سال قبل تھائی لینڈ میں کھیلے گئے ایشین بیچ گیمز میں پاکستان نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور ایونٹ میں چاندی کا تغمہ اپنے ملک کیلئے جیتا تھا تاہم اس مرتبہ قومی ٹیم ایشین بیچ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم 22 ستمبر کو ویتنام روانہ ہوگی ۔ محمد سرور نے کہا کہ ایشین بیچ گیمز 23 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ویتنام میں شروع ہوگی جس میں 6 کھلاڑی اور 2 آفیشلز پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ کھلاڑیوں میں ناصر علی، اخلاق حسین، کاشف، ابرار حسین، عمران اور ارسلان شامل ہیں جبکہ افیشلز میں میجر نبیل رانا کوچ اور محمد رمضان بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے اور انہیں کوچ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ سیکرٹری نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان سمیت ایران، بھارت، سری لنکا، کوریا، نیپال، ملائیشیاء، بنگلہ دیش اور ترکمانستان شرکت کرنیگے۔ تمام ممالک کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے ۔
وقت اشاعت : 06/09/2016 - 14:15:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :