قائداعظم الیون نے علامہ اقبال کپ گرلز باسکٹ بال نمائشی میچ جیت لیا

جمعہ 10 نومبر 2023 15:40

قائداعظم الیون نے علامہ اقبال کپ گرلز باسکٹ بال نمائشی میچ جیت لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2023ء) قائداعظم الیون نے علامہ اقبال کپ گرلز باسکٹ بال نمائشی میچ جیت لیا۔ شہید ملت الیون کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ ندا سمن نے انعامات تقسیم کئے۔ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ پر منعقد ہونے والا علامہ اقبال کپ باسکٹ بال گرلز نمائشی میچ قائداعظم الیون نے شہید ملت الیون کو 25-20 پوائنٹس سے شکست دیکر جیت لیا۔

یوم علامہ اقبال پر کھیلے گئے اس میچ کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ ندا سمن تھیں۔ اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان، مختار کار جنوبی محمد نواز، غلام عباس ایڈوکیٹ، آصف کیانی، نصرت افضل اور زعیمہ خاتون بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

میچ کے اختتام پر کے بی بی اے کی جانب سے ندا سمن کو ان کی کھیلوں اور انسانیت کی خدمات انجام دینے پر علامہ اقبال حسن کارکردگی ایوارڈ دیا گیا۔

نمائشی میچ میں قائداعظم الیون کی جانب سے نبیحہ حسین نے 9، اروبا انیق نے 8 اور فضہ محبوب نے 4 پوائنٹس سکور کئے جبکہ رنر ٹیم کی جانب سے یسرا کھوکھر نے 9، عمارہ حفیظ نے 5 اور فلق عرفان نے 4 پوائنٹس سکور کئے۔ کے بی بی اے کے سیکریٹری طارق حسین نے میچ ڈائریکٹر جبکہ عامر شریف اور اشرف یحیٰ نے ریفریز اور طلعت ادریس، حفضہ خان، منیاہیل خان نے ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض انجام دئیے۔ میچ کے آغاز پر فریسکو سوئیٹ ہاوس کی جانب سے علامہ اقبال کی سالگرہ کا کیک ندا سمن نے کھلاڑیوں کے ہمراہ کاٹا۔
وقت اشاعت : 10/11/2023 - 15:40:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :