آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے

جائلز کلارک کی چیئرمین پی سی بی اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں

ہفتہ 28 جنوری 2017 22:39

آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک دو روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2017ء) آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، چیئرمین پی سی بی شہریارخان اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد نے دیگر آفیشلز کے ساتھ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا، بعد ازاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کیں ان کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جائلز کلارک نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ بھی کیا اور پی سی بی حکام سے ملاقات کی ۔ انہیں ملک میں سکیورٹی صورتحال اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ہونے والی کوششوں سے آگاہ کیاگیا ، ایم سی سی یا ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت متوقع ہے، آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ اور سیکیورٹی آفیشل پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کرانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیں رہے ہیں جبکہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے بورڈ عہدیداروں کو اس موقع پر دعوت دینے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

(جاری ہے)

دورے کے بعد وہ آئی سی سی کو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال اور پی سی بی کی فنڈنگ کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گے۔جائلز کلارک 2009 میں بنائی جانے والی آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ اور مختلف امور میں پی سی بی کی معاونت کیلئے سرگرم رہے ہیںِ، انہیں پاکستان کا دوست سمجھا جاتا ہے، زمبابوے کی میزبانی کے بعد پی سی بی اعتماد کی بحالی کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے مزید غیرملکی ٹیموں کو بلانے کا خواہاں ہے، اس ضمن میں کرکٹ کھیلنے والے ملکوں اور آئی سی سی میں گہرا اثر و رسوخ رکھنے والے جائلز کلارک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/01/2017 - 22:39:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :