وہاب ریاض پشاور زلمی کی پی ایس ایل فائنل میں رسائی کیلئے پرعزم

گزشتہ غلطیوں سے سبق سیکھ کر اس مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے، شاہد آفریدی نے ہمیں جس طرح گزشتہ دو میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائی، اس سے ان کا فارم میں آنا خوش آئند امر ہے، پاکستان سپر لیگ میں تمام ہی ٹیمیں اچھی ہیں لیکن ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی جیسی پاور ہٹنگ کوئی بھی نہیں کر سکتا،وہاب ریاض

پیر 27 فروری 2017 19:18

وہاب ریاض پشاور زلمی کی پی ایس ایل فائنل میں رسائی کیلئے پرعزم
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے قومی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ہم گزشتہ غلطیوں سے سبق سیکھ کر اس مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا پہلا پلے آف گزشتہ سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی جو غلطیاں ہم نے پچھلی مرتبہ کیں انہیں نہ دہرائیں، ہمیں پچھلی مرتبہ میچ جیتنے کا موقع ملا تھا لیکن میچ نہیں جیت سکے تھے۔ البتہ اس مرتبہ ہمیں پھر سے جیتنے کا موقع ملا ہے۔یاد رہے کہ پچھلی مرتبہ پہلے پلے آف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔

(جاری ہے)

پہلے پلے آف کے بارے میں سوال پر وہاب نے کہا کہ گزشتہ پی ایس ایل میں بھی ہمارے پاس موقع موجود تھا کہ میچ جیت کر فائنل میں پہنچ جائیں لیکن ہم آخری گیند پر کوئٹہ سے میچ ہار گئے تھے لہٰذا ہماری کوشش ہو گی کہ پہلے پلے آف کو فائنل سمجھ کر کھیلیں اور فتح حاصل کریں۔’کوشش کریں گے کہ اس مرتبہ اچھا کھیلیں اور جیت کر فائنلز میں جگہ بنائیں‘۔وہاب نے اہم مقابلوں سے قبل شاہد آفریدی کی فارم میں حریف ٹیموں کیلئے خطرناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ شاہد بھائی نے ہمیں جس طرح گزشتہ دو میچز میں عمدہ کارکردگی دکھائی، اس سے ان کا فارم میں آنا خوش آئند امر ہے، پاکستان سپر لیگ میں تمام ہی ٹیمیں اچھی ہیں لیکن ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی جیسی پاور ہٹنگ کوئی بھی نہیں کر سکتا۔
وقت اشاعت : 27/02/2017 - 19:18:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :