Open Menu

Zakat Ki Farziyat - Article No. 958

Zakat Ki Farziyat

زکوٰة کی فرضیت - تحریر نمبر 958

زکوٰة کے لغوی معنی پاک ہونا، بڑھنا اور نشوونما پانا کے ہیں۔ یہ مالی عبادت ہے۔ یہ محض ناداروں کی کفالت اور دولت کی تقسیم کا ایک موزوں ترین عمل ہی نہیں بلکہ ایسی عبادت ہے جو قلب او ررْوح کا میل کچیل بھی صاف کرتی ہے۔

منگل 14 جولائی 2015

بابو شفقت قریشی:
زکوٰة اسلام کا اہم رْکن ہے اور نماز کے بعد زکوٰة ہی کا درجہ ہے۔ قرآنِ کریم میں ایمان کے بعد نماز اور اس کے ساتھ ہی جا بجا زکوٰة کا ذکر کیا گیاہے۔ زکوٰة کے لغوی معنی پاک ہونا، بڑھنا اور نشوونما پانا کے ہیں۔ یہ مالی عبادت ہے۔ یہ محض ناداروں کی کفالت اور دولت کی تقسیم کا ایک موزوں ترین عمل ہی نہیں بلکہ ایسی عبادت ہے جو قلب او ررْوح کا میل کچیل بھی صاف کرتی ہے۔
انسان کو اللہ کا مخلص بندہ بناتی ہے۔ نیز زکوٰةاللہ کی عطا کی ہوئی بے حساب نعمتوں کے اعتراف اور اس کے شکر بجا لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے (سورئہ التغابن 17) ترجمہ: اگر قرض دو اللہ کو اچھی طرح قرض دینا وہ دو گنا کرے تم کو اور تم کو بخشے۔ اس کے مقابلے میں جو لوگ زکوٰة ادا نہیں کرتے اْن کے لئے اللہ کاارشاد ہے (سورئہ توبہ 34)۔

(جاری ہے)

ترجمہ:جو لوگ جمع رکھتے ہیں سونا اور چاندی اور اس کو خرچ نہیں کرتے اللہ کی راہ میں سو اْن کو خوشخبری سْنا دے عذاب ِ دردناک کی۔ان آیات کی رْو سے زکوٰةکی ادائیگی ایک مسلمان کے لئے آخرت کی نعمتوں کے حصول اور عذابِ جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے جس سے بڑھ کر کوئی نعمت نہیں ہو سکتی۔ زکوٰة کی ادائیگی ایک مسلمان کو یاد دلاتی ہے کہ جو دولت وہ کماتا ہے وہ حقیقت میں اس کی ملکیت نہیں بلکہ اللہ پاک کی دی ہوئی امانت ہے۔
یہ احساس اْسے معاشی بے راہ روی سے بچاتا ہے اور اس کے تمام اعمال کو احکامِ الہیٰ کے تابع کرتا ہے۔ نبی اکرم ﷺ کے ارشاد کے مطابق معاشی معاملات دین کا ایک حصہ ہیں۔ جب انسان دولت جیسی نعمت اللہ تعالیٰ کے حکم پر خرچ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے ایثار کی قدر کرتا ہے اور اس کے خرچ شدہ مال کو اپنے ذمہ قرض قرار دیتا ہے۔ اور وہ وعدہ فرماتا ہے کہ بندے کا یہ قرض وہ کئی گنا بڑھا کر واپس کرے گا۔
زکوٰةکے نظام سے دولت کا ایک دھارا امیر طبقے سے غریب طبقے کی جانب مْڑ جاتا ہے جس سے غریب کی معاشی حالت بہتر ہو جاتی ہے۔معاشرے میں دولت کی وہی حیثیت ہوتی ہے جو انسانی جسم میں خون کی۔ اگر یہ سارا خون دل میں (یعنی مالدار طبقے ) میں جمع ہو جائے تو پورے اعضائے جسم (یعنی عوام) کو مفلوج کر دینے کے ساتھ ساتھ خود دل کے لئے بھی مضر ثابت ہو گا۔
اگر ایک طرف مفلس طبقہ ناداری کے مصائب سے دوچار ہو گا تو دوسری طرف صاحب ثروت طبقہ دولت کی فراوانی سے پیدا ہونے والے اخلاقی امراض مثلاً عیاشی اور فکرِ آخرت سے غفلت کا شکار ہو جائے گا۔ ظاہر ہے ایسی صورت میں ان دونوں طبقوں میں حسد اور حقارت کے علاوہ کوئی رشتہ باقی نہیں رہے گا۔ ان تمام انفرادی اور اجتماعی فوائد کے پیشِ نظر حضورﷺ کو مدینے کی اسلامی ریاست کے قیام کے فوراً بعد ارشادِ باری تعالیٰ ہوا (سورئہ توبہ 103) ترجمہ:لے ان کے مال میں سے زکوٰة کہ پاک کرے تو ان کو اور بابرکت کرے تو ان کو اس کی وجہ سے۔
حقیقت میں ایماندار مسلمان وہی ہیں جو یقین رکھتے ہیں کہ جو کچھ اللہ کی راہ میں اس کی خوشنودی کے لئے خرچ کیا جائے گا وہ ضائع نہیں ہو گا بلکہ اللہ اس کا بہترین بدل عطا فرمائے گا۔ مومن وہ ہے جو دولت کے مقابلے میں اللہ تعالیٰ کی محبت کو دل میں جگہ دیتا ہے، کیونکہ درحقیقت یہ ایمان کا امتحان ہے۔ پھر جب وہ مال کی قربانی کا امتحان بھی پاس کر لیتا ہے تو پورا مسلمان بن جاتا ہے۔
سورئہ توبہ60-میں زکوٰة کے آٹھ حقدار بیان کئے گئے ہیں جن میں فقرا او رمساکین کے علاوہ عاملینِ زکوٰةبھی شامل ہیں یعنی وہ زکوٰة کی مد سے تنخواہ وغیرہ لے سکتے ہیں۔ شریعت نے زکوٰة کی تحصیل اور تقسیم کیلئے اس اجتماعی عبادت میں نظم اور باقاعدگی پیدا کی ہے۔ جہاں اسلامی حکومت قائم ہو اور زکوٰة کی تحصیل کا نظام قائم ہو وہاں زکوٰة کی رقم سے حکومت معذوروں، اپاہجوں، ناداروں اور بیواؤں کے وظیفے مقرر کر سکتی ہے۔
الحمد اللہ ہمارے ملک میں زکوٰة کا نظام قائم ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ اس کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں تا کہ اس کی برکت سے پورا معاشرہ دنیا کے لئے مثالی معاشرہ بن سکے۔ خصوصاً زکوٰة کی وصولی اور تقسیم کا اجتماعی نظام قائم اور دائم ہو اور نیک لوگوں کے ہاتھوں میں ہو۔

Browse More Islamic Articles In Urdu