پانامہ لیکس کیس پرعدالتی فیصلے کوتسلیم کریں گے ،فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں جلد ضم کیا جائیگا،وزیر اعظم فاٹا کے عوام کو ہر صورت قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، نجی ٹی وی پر حملے کے ملزمان جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے

وزیراعظم کے مشیرانجینئر امیر مقام کی میڈیا سے گفتگو

پیر 13 فروری 2017 21:03

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیرانجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے عدالتی فیصلہ تسلیم کیا جائے گافاٹا کو خیبر پختونخواہ میں جلد ضم کیا جائے گاکیونکہ وزیر اعظم فاٹا کے عوام کو ہر صورت قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔ نجی ٹی وی پر حملے کے ملزمان جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے ۔

وہ چارسدہ میں طاہر خان عمرزئی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی خواہش تھی کہ فاٹا کے عوام کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لایا جائے تاکہ ملک کے دیگر شہریوں کی طرح فاٹا کے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوجائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے فاٹا کے عوام کی رائے معلوم کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی تھی اور کمیٹی نے کافی محنت کرکے فاٹا کے عوام کی رائے معلوم کرکے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کی جس کو دونوں ایوانوں نے منظور کیا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ بہت جلد وزیر اعظم فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا اعلان کریں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کے معاملے سے سے وزیراعظم کا کوئی تعلق نہیں یہ وزیراعظم کے صاحبزادوں کا کیس ہے اور اس حوالے سے عدالت کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہم تہہ دل سے تسلیم کرینگے۔اس موقع انہوںنے مزید کہا کہ صوبے میں حکومت نہ ہونے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس صوبے کے عوام کے فلاح کے لئے لاتعداد منصوبوں پر کام شروع کیا ہے ۔

چارسدہ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کے بعد اب یہاں پر 500بیڈ پر مشتمل ہسپتال بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔ انہوںنے کراچی میں سماء ٹی وی کے ڈی ایس این جی پر حملے او ر اسسٹنٹ تیمور کی ہلاکت پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور صحافیوں کی بھر پور تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اُنہوں نے ڈی سی این جی پر حملے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق سزا دینے کا اعلان کیا ۔

چار سدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں