کائرہ صاحب!اللہ آپ کو صبرو استقامت دے

ہفتہ 25 مئی 2019

Chaudhry Muhammad Afzal Jutt

چوہدری محمد افضل جٹ

جوان اولادکی موت کا غم کس قدر اذیّت ناک اور تکلیف دہ ہوتا ہے اس کا اندازہ لگانا بہت ہی مشکل ہے ۔ہاں صاحب اولاد اس کو محسوس ضرور ر سکتا ہے کہ جوان اولاد کی ناگہانی موت والدین کے لئے کسی قیامت صغریٰ سے کم نہیں ہوتی اس بات کا اندازہ تو ہمیں اسی وقت ہو گیا تھا جب بیٹے کی موت پر غم سے نڈھال باپ نے اپنے لخت جگر کو ،،لحد ،،میں اتارنے کے بعد اپنی پہلی ٹویٹ کی۔


 سہارا تو ہی تھا ۔۔۔۔۔میرے ان بوڑھے ہاتھوں کا 
 ابھی تو ہاتھ جوڑے تھے ۔۔۔۔۔تیری لمبی عمر مانگی تھی
 بتا ان کانپتے ہاتھوں سے ۔۔۔۔۔جواں سالہ کی تربت پر 
میں مٹی خاک ڈالوں گا 
کائرہ صاحب کی اس ٹویٹ نے ہر صاحب اولاد کو رنجیدہ کر دیا تھا ۔کسی کا جوان بیٹا بیمار پڑ جائے تو والدین کی جان پر بن آتی ہے ذہن میں جنم لینے والے وسوسے اور اندیشے خوبصورت زندگیوں کو پریشان اور افسردہ کر دیتے ہیں اور یہ تو المیہ ہے ناگہانی اموات کا ۔

(جاری ہے)

کوئی قمرالزمان کائرہ اور حمزہ بٹ کے باپ سے پوچھے کہ اس موت نے ان پر کتنے ستم ڈھائے ہیں ان کی زندگیاں کس دکھ اور کرب میں مبتلاء ہو گئیں ہیں مگر کون پوچھے ،کس طرح پوچھے اور کس جرات سے یہ سوال کرے ۔ان والدین سے جن کے دکھ کی گہرائی کو نہ ماپا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان کے غم کی وسعت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ہاں اس دکھ اور کرب کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔

کائرہ صاحب کے اس غم کو ہر پاکستانی نے محسوس کیا اور ان دکھ میں شریک ہے اس کے باوجود کائرہ صاحب کا صبر اور حوصلہ اس غم کی شدت پر غالب نہیں آ سکا آئے بھی کیسے ،قوم کے دلاسے۔وزیر اعظم ،پارٹی سر براہوں ،وزیروں ،مشیروں اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے رسمی تعزیّت نامے وقتی طور پر چند لمحوں کے لئے تو ڈھارس بندھا سکتے ہیں مگر اسامہ کی کمی کو پورا نہیں کرسکتے اور اس بات اندازہ اس وقت ہوا جب کائرہ صاحب نے دوبارہ ٹویٹ کیا۔

 یوں تو قوم کے سب بیٹے میرے اپنے ہیں
 مگر یہ بھی حقیقت ہے تو میرے جگر کا ٹکڑا تھا 
اس ٹویٹ کو دیکھ کر ہم دکھی ہیں کائرہ صاحب کتنے غمگین اوررنجیدہ ہیں مگریہ نظام کائنات ہے کہ ،،، کل نفس ذائقتہ الموتاور خالق کائنات کا یہ نظام جو تخلیق آدم سے شروع ہوا اور ۔۔یو م الدین۔۔تک جاری رہے گا۔ مالک ارض و سماوات نے کسی کواتنی ہمت اور سکت نہیں بخشی کہ کوئی اس کے اس بنائے ہوئے ممات و حیات کے نظام میں مداخلت کر سکے ۔

وہ جس کو چاہے لمبی عمر عطا کرے اور جس کو چاہے مختصر حیات سے نوازے یہ فیصلے بھی خالق جن و بشر کے ہیں ۔ہم دعا کرتے ہیں ذات رحیم و کریم سے کہ وہ ذات وحدہ لا شریک قمر الزماں کائرہ اورحمزہ بٹ کے والدین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت،حوصلہ اور صبر و استقامت دے۔
زندگی تو ان کے بغیر بھی گزر جاتی ہے جن کے بغیر حیات کا تصور بھی نا ممکن لگتا ہے مگر بڑی اداس اور بے قرار گزرتی ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :