کشمیر،پاکستان اور عالمی طاقتیں

جمعہ 5 فروری 2021

Chaudhry Muhammad Afzal Jutt

چوہدری محمد افضل جٹ

5 فروری یوم یکجہتی کشمیر۔۔۔کشمیر۔۔ہندوستان کے پنجہِ استبدادمیں جکڑی ہوئی مسلم آبادی کا مسکن ،مظلومین کی وادی،جمہوری اور انسانی حقوق سے محروم لوگوں کی بستی۔۔۔۔ایسی بستی جو 100سال تک ڈوگرہ راج کے زیر تسلّط ظلم و برریّت کا شکار رہی۔۔70سال سے دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریّت کے غیر جمہوری اور انسانیّت سوز مظالم کا شکار ہے،7لاکھ بھارتی فوج نے اپنے وحشیانہ رویوں سے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے جبرو ستم کی ہر شق کشمیری مسلمانوں پر مسلط کر دی ہے پچھلی چار دہائیوں سے تو ہندو غنڈوں نے جنت نظیر کو مسلمانوں کے لئے جہنم بنا یا ہوا ہے بے گناہ اور معصوم لوگوں کا قتل عام جاری ہے نوجوانوں کو غائب کرکے انتہائی بے دردی سے شہید جا رہا ہے کشمیری عورتوں کی عصمت دری کی جا رہی ہے ان کے گھر مسمار کئے جا رہے ہیں کاروباری اور معاشی ذرائع تباہ کئے جا رہے ہیں 370کی شق ختم کئے جانے کے بعدسے جاری کرفیو سے کشمیریوں کی زندگی ایک عذاب بن چکی ہے جنوبی ایشیاء کا ہٹلر مودی اپنی سفاکی اور درندگی سے کشمیر میں ہر روز ایک نئی قیامت برپاء کر رہاہے سیرت اور بصیرت سے محروم گجرات کا قصائی تحریک آزادی کو کچلنے کے لئے ظلم کا ہر ہتھکنڈہ آزماء رہا ہے لیکن نہ تو اس کی ظالمانہ پالیسیوں سے آزادی کی خاطر لڑنے والے نوجوانوں کے حوصلے پست ہوئے ہیں نہ ان کے جذبے سرد ہوئے ہیں نہ ہی پاؤں ڈگمگائے بلکہ جرات اور بہادری سے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کا سرخ خون تحریک آزادی کو ایک نئی جلا بخش رہا ہے آزادی کی امنگ کشمیریوں میں اور جوان ہو رہی ہے تحریک حریّت کی شمع پہلے سے زیادہ روشن ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

مقبول بٹ ،شہید وانی کی شہادتیں اورایک لاکھ قربانیاں ضرور اپنا رنگ لائیں گی اور مقبوضہ وادی آزاد و خودمختار ہو گی۔انشاء اللہ۔
 5فروری یوم یکجہتی کشمیر ۔۔جس دن ہر پاکستانی یہ عہد کرتا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ہمارے ایمان کا حصہ ہے ہم ہر محاذ پر ان کی اخلاقی اور سیاسی مدد کرتے رہیں گے سفارتی محاذ پر حکومت پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے لئے کوشش جاری رکھے گی اس دن جلوس، کانفرنسز،انسانی ہاتھوں کی زنجیریں پاکستانیوں کی اپنے کشمیری بھائیوں سے محبت اور الفت کا اظہار ہے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر منا کر پاکستانی قوم بھارتی سورماؤں کو بھی یہ پیغام دیتی ہے کہ حق خودارادیّت کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہیں بلکہ تحریک آزادی کی اس جنگ میں ہم اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ ہیں اور اس وقت تک ساتھ رہیں گے جب تک کشمیریوں کو آزادی کا حق نہیں مل جاتا اور اب وہ وقت دور نہیں جب ہندو مظالم کا خاتمہ ہو گا سفاکی اور درندگی کا ہر روپ ماند پڑ جائے گا مقبوضہ وادی آزاد ہو گی کشمیر ی آزادی سے اپنی زندگی بسر کریں گے ۔

۔
یوم یکجہتی کشمیر۔۔اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتوں کے لئے بھی پیغام ہے جو خود کو جمہوریّت کا دعویدار،حقوق انسانی کا علمبردار،عالمی امن کا ٹھیکیدار گردانتی ہیں کہ70سال سے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی ریاست دہشت گردی جاری ہے جموریّت کی ہر اقدار ملیا میٹ ہے،انسانیّت کا ہر اصول پامال ہے،معصوم اور شیر خوار بچے ہندوستان کی ظالمانہ اور بہیمانہ کاروائیوں کا نشانہ بن رہے ہیں ،کشمیری عورتوں کی عزتیں لٹ رہی ہیں بے گناہوں کا کون بہہ رہا ہے ہرطرف نوحے ہیں ،چیخیں ہیں ،آہ و بکا ہے مگر جمہوریّت،امن اور انسانیّت کا علم لیکر نگر نگر گھومنے والے کیوں خاموش ہیں کیا اقوام متحدہ میں پڑی قراردایں بے اثر ہو گئی ہیں یا پھر خون مسلم تم کو نظر نہیں آ رہا ،کیا مسلمانوں کا لہو مسیحی خون سے سستا ہے ۔

۔
غارت گری کشمیر میں کوئی تو اہل ستم کی دیکھے
گلشن میں کوئی پھول نہ غنچہ نہ کلی ہے
یا پھر عالمی ضمیر مردہ ہے ۔تبھی تو انڈونیشیا میں20مئی2002کو مشرقی تیمور کے نام سے ایک خودمختار ریاست وجود میں آگئی اسلامی جمہوریہ سوڈان میں چھوٹی سی تحریک کے بعد2011میں جنوبی سوڈان کے نام پر ایک نیا ملک بن گیا ۔جبکہ کشمیر میں آزادی کی تحریک تاریخ انسانی کی سب سے طویل اور صبر آزماء تحریک ہے لیکن اس پر اقوام عالم اس لئے خاموش ہے کہ ہندوستان میں ان کے معاشی مفاد ہیں اور مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کی اکثریت ہے۔۔۔لیکن یاد رہے
ظلم پھر ظلم ہے
بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :