پانی ، کرۂ ارض کا ایک اہم جزو

پیر 19 جولائی 2021

Dr Hamza Siddiqui

ڈاکٹر حمزہ صدیقی

پانی نہ صرف حیاتِ انسانی بلکہ کرۂ ارض پر موجود ہر ذی روح کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل شے ہے ،جس کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیا جاسکتا، اگر پانی نہ ہوتا تو انسانی زندگی وجود خطرہ میں پڑجاتاہے،اس لئے اس قیمتی شے کا تحفظ ازحد ضروری ہے۔
پانی صرف ہائیڈروجن اور آکسیجن گیس کا ملاپ ہی نہیں، بلکہ انسانی عبادات سے ہماری زراعت تک تمام چیزوں کے وجود کا ضامن بھی ہے، پانی کی بدولت کائنات کی یہ رنگارنگی، بوکلمونی، نہریں و آبشار،جھرنے و تالاب،ندیاں وسمندر ،ہر بھرے باغات و چمنستان ،سنبلستان ،گلستان ، مرغزار،نباتات وجمادات ،کی وجود وبقاکا انحصار پانی پر ہی ہے۔


پانی جیسی نعمت کا ذکر فرما کر اللہﷻ نے بتایاکہ تم اسے پیتے ہو باقی دوسرا پانی تمہارے جانور پیتے ہیں اور درختوں وکھیتی کی سیرا بی بھی پانی ہی سے ہوتی ہے۔

(جاری ہے)


ترجمہ: جہاں پانی کھیتوں ،پھولوں، پھلوں کی شادابی سیرابی کا ذریعہ ہے تو دوسری طرف چوپاؤں کو بھی سیراب کرتا ہے۔ پانی سے انسان دیرپا استفادہ کرسکے، زمین کے اندر جذب کرنے کی صلاحیت پیداکردی گئی ہے(المومنون۸)
ایک اور جگہ ارشاد فرمایا
ترجمہ: زمین سے جو کونپلیں نکلتی ہیں اور پھر یہی آہستہ آہستہ سایہ دار درختوں کی شکل اور لہلاتے ہوئے سرسبز پودوں کھلتے ہوئے پھولوں کے سانچے میں ڈھل جاتی ہیں (لقمان۱۰)
اسی طرح ایک اور جگہ اللہ ﷻ ارشاد فرماتے ہیں کہ
زمین جب مردہ ہوجاتی ہے تو آسمان سے آب حیات بن کربارش اس کے لیے زندگی کا سامان پیداکرتی ہے ،مردہ کو دوبارہ زندہ کرتی ہے۔

النحل۶۵
قرآن کریم میں تقریباََ 58مرتبہ پانی کا تذکرہ آیا ہے
  اللہﷻ کی پیداکردہ نعمتوں میں سے پانی عظیم نعمت ہے۔ اسکا کوئی نعم البدل نہیں۔انسان کی تخلیق سے لیکر کائنات کی تخلیق تک سبھی چیزوں میں پانی کی جلوہ گری ہےقرآن کریم میں خالق کائنات کا ارشاد ہے کہ ہم نے ہرجاندار کی تخلیق پانی سے کی الانبیاء۳۰
دوسری جگہ ارشاد ہے وہ اللہ ہی نے جس نے ہرچلنے والے جاندارکو(بری ہوبحری) پانی سے پیدا فرمایا۔

النور۴۵
مگر بدقسمتی کے ساتھ قدرت کے اس حسین تحفے کاضیاع بیدردی سے جاری ہے،چھوٹی چھوٹی احتیاطوں سے اس انمول تحفے کی بچت کی جا سکتی ہے ۔ پانی کرۂ ارض کا ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔ یہ تمام جانداروں کے لیے زندگی کی اہم ترین اور بنیادی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس اتنا پانی نہیں ہے کہ ہم اسے بے دریغ ضائع کرتے رہیں، لہٰذا پانی کی بچت اور تحفظ بہت ضروری ہے
گھروں میں پانی کا غیر ضروری استعمال کم کریں،نلوں کے بجائے برتنوں میں پانی لے کر استعمال کریں ،مسجدوں میں جو نل ہیں ،ان کا پریشر کم کیاجائے۔

علماء کرام مسجدوں میں جمعہ کے خطبات میں پانی کی اہمیت وافادیت ،اور اس کے غیر ضروری استعمال سے ہونے والے نقصانات کو قرآن و حدیث اور موجودہ مسائل کے روشنی میں سمجھائیں۔
حکومت پانی ضائع کرنے والوں کے خلاف جرمانہ عائد کریں۔کارپوریٹر حضرات صرف پانی نہ آنے ہی پر چلاپکار نہ کریں ،بلکہ پانی آنے کے بعد ذرا محلوں میں بھی چکر لگائیں ۔

اسکول وکالج،مدرسہ ومکتب کے طلباء کے ذریعہ مہم چلائی جاسکتی ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ گھر گھرجاکرپانی بچاؤ زندگی بچاؤکی مہم چلائی جائے۔صفائی وستھرائی ،کی طرف لوگوں کو متوجہ کیاجائے ۔جس سے جو بھی بن پڑتا ہے پانی کے بچاؤ کے لیے طریقہ اختیار کریں
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اس نعمتِ عظمیٰ کی صحیح معنوں میں قدر دانی نصیب فرمائے۔ آمین!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :