میڈیا کا کردار

منگل 12 اکتوبر 2021

Dr Hamza Siddiqui

ڈاکٹر حمزہ صدیقی

‏میڈیا اس دورِ جدید کا حیرت انگیز انقلاب ہے۔ اور یہ انقلاب ہر ایک کی زندگی میں داخل ہو چکا ہےمگر بد قسمتی کے ساتھ میڈیا فیک نیوز کا گڑھ بنتا جارہا ہے۔ آج کل ضرورت سے زیادہ نیوز چینلز اور ساٸٹس موجود ہیں۔ ملک پاکستان میں نیوز چینل، اخبارات اور دیگر نیوز ساٸٹس اپنے فرائض صحیح طرح انجام نہیں دے رہے ہیں بلکہ سنسنی پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں۔

جس کی وجہ سے ایک عام شہری مایوسی کا شکار ہو رہا ہے۔ عوام میں یہ تاثر پھیل رہا ہے کہ ملک میں کچھ بھی مثبت نہیں ہو رہا ہے کیونکہ بیشتر نیوز چینلز اور ساٸٹس رائی کو پربت اور ذرہ کو پہاڑ بنانا ان کے پسندیدہ مشغلوں میں سے ہے۔ ہمارے صحافی حضرات من گھڑت واقعات، مصالحے دار خبریں ایسے نشر  کرتے ہیں کہ ہماری سادہ لوح عوام ان کا اعتماد باآسانی سے کرلیتی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ  میڈیا، نیوز چینلز اور نیوز ساٸٹس عوام کی ذہن سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا فرض ہے کہ وہ عوام کی زہن سازی ملکی مفاد میں کریں اور غیرملکی ایجنڈے سے عوام کو آگاہ کریں۔ مختلف بیماریوں سے بچاؤ کےلیے عوام میں شعور بیدار کریں۔ لیکن  ہمارا میڈیا اپنے نام اور ریٹنگ کے لیے اپنے ملک کی عزت کو بھی داؤ پر لگا دیتا ہے۔ کیونکہ ہمارے نیوز چینلز اور مختلف ساٸٹس کو مصالحے دار خبریں شاٸع کر کے دوسروں کے جذبات مجروح کرنے کا شوق ہوتا ہے اور ہمارے صحافی حضرات ملک و قوم کے وقار کی دھجیاں بکھیرنے میں کوٸی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ہیں۔

ہمارے چینلز اور  نیوز ساٸٹس اخلاقیات سے عاری ہوچکے ہیں، یہ کسی کی شخصیت یا ذاتی زندگی پر تبصرے کیے بغیر سانس نہیں لے سکتے ہیں۔ یہاں پر  بے دھڑک فساد، جھوٹ، خون خرابا اور واقعات دکھاٸے جاتے ہیں جو غیر شعوری طور پر واردات کی نئی نئی قسمیں اور طریقے عوام کے ذہن میں جنم دیتے ہیں۔
مگر جہاں چینلز اور نیوز ساٸٹس سنسنی پھیلانے میں سرگرم اور ریٹنگ حاصل کرنے کے لئے جھوٹی خبریں بنا تصدیق کے شائع یا نشر کر رہی ہیں، وہاں ہی اردو پواٸنٹ، باغی ٹی وی اور گلوبلی اردو سمیت دیگر ساٸٹس اپنے سامعین کرام  تک نت نئی خبریں، اطلاعات اور معلومات بغیر سنسنی پھیلاٸے پہنچا رہے ہیں اور اخبارات ایک منظم و مربوط طریقہ کار کے تحت خبر رسانی کا کام سر انجام دے رہے ہیں۔

کالم نگاری، خبر رسانی اور معلومات کی فراہمی میں اردو پوائنٹ، باغی ٹی وی اور گلوبلی اردو آج بھی معاشرے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ میڈیا ایک طاقت ہے اور اس طاقت کو لوگوں میں شعور بیدار کرنے کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے۔ نا کہ لوگوں کو گمراہ کرنے، سنسنی پھیلانے اور ڈپریسڈ کرنے کے لئے استعمال کیا جائے۔ میڈیا کے من گھڑت خبروں اور پروپیگنڈے سے بچنے کے لئے عوام کو چاہیے ایسی نیوز ساٸٹس کا باٸی کاٹ کریں جو ناامیدی پھیلا رہی ہیں۔ آج کے دور میں اردو پوائنٹ، اردو گوبلی، باغی ٹی وی جیسی ساٸٹس کی ذمہ دارانہ اور شفاف صحافت کی ضرورت ہے جو اپنے ذاتی مفاد اور عناد کو ملک پاکستان کی خاطر ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کیلٸے کام سرانجام دیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :