
برف کا آدمی
پیر 24 جنوری 2022

ڈاکٹر جمشید نظر
اخبار کے صفحہ نمبر2 پرروزانہ شائع ہونے والی سلسلہ وار کہانی کے لئے تصویری خاکے معروف کارٹونسٹ میرؔ صاحب تیار کرتے تھے۔والد مرحوم دفتر سے گھر آکر رات گئے تک لکھتے رہتے تھے،جب وہ اپنی کوئی تحریر مکمل کرلیتے تو پھر وہ مسودہ اپنی بیگم یعنی میری والدہ صاحبہ کو دے دیتے۔
(جاری ہے)
والدہ صاحبہ ان کی تحریر پڑھ کر سناتیں اورجہاں ضرورت ہوتی جملہ کو مزید بہتر کرنے میں والد صاحب کی مدد کردیتیں جبکہ میں اور میرے چھوٹے بھائی پاس بیٹھ کران کی لکھی کہانی بڑے شوق سے سنتے ہوئے پس منظر میں کھو جایاکرتے تھے۔
اس طرح ایک طرف ہمیں مزیدار کہانی سننے کو ملتی تھی تو دوسری جانب ہماری ذہنی ومعاشرتی تربیت بھی ہورہی ہوتی تھی۔انہی دنوں والد صاحب نے ایک سلسلہ وار کہانی ”برف کا آدمی“ شروع کی۔کہانی کا ہیرو برف کا آدمی ہوتا ہے جو برف کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا اسی لئے وہ برفانی پہاڑوں پر ہی رہتا ہے۔کہانی میں بتایا جاتا ہے کہ میاں بیوی اپنے نومولود بچہ کے ساتھ برف کے پہاڑوں پر گھومنے آتے ہیں تو برفانی طوفان کا شکار ہوکر جاں بحق ہوجاتے ہیں لیکن ان کا نومولود بچہ معجزانہ طور پر بچ جاتا ہے۔قدرت اس بچہ کی حفاظت کرتی ہے اور وہ برفانی وادیوں میں خطرناک جانوروں کے درمیان پرورش پانے لگتا ہے اور ایک دن بڑا ہوکر وہ برف کاآدمی بن جاتا ہے۔
برف پوش پہاڑوں پر آنے والے سیاح جب بھی کسی برفانی طوفان یا مصیبت میں پھنس جاتے تو برف کا آدمی ان کی مدد کرکے سیاحوں کی جان بچادیتا۔سلسلہ وار کہانی میں دلچسپی کے ساتھ ساتھ اصلاحی پہلووں کو بھی اجاگر کیاجاتا تاکہ مثبت معاشرے کی تشکیل ہوسکے۔کہانی پڑھتے سنتے اکثر بچوں کے ذہن میں ہیرو کاکردار تخلیق ہوجاتا ہے جوانھیں ہمیشہ یاد رہتا ہے جیسے میرے ذہن میں برف کے آدمی کردار ابھی تک نقش ہے کہ کیسے وہ برف میں پھنسے سیاحوں کی مدد کرتا ہے۔ جب مری میں حالیہ سانحہ پیش آیا تو مجھے میرے بچپن کا ہیرو کرداربرف کا آدمی بہت یاد آیا۔میرے دل میں خیالات آنے لگے کہ شائدکہانی کے کردار کی طرح کوئی سچ میں برف کا آدمی ہوتا اور اس برفانی طوفان میں گھرے ہوئے سیاحوں کی زندگیوں کو بچالیتا، کاش کہ آج کے دور میں سچ میں برف کا آدمی ہوتا۔
مری کے دلخراش واقعہ کے بعد جب میڈیا رپورٹس آنا شروع ہوئیں کہ کس طرح ہوٹلز نے مصیبت زدہ سیاحوں کو لوٹنا شروع کیا،کس طرح نامعلوم افراد نے راستوں میں برف کی رکاوٹیں پیداکردیں،کس طرح لالچیوں نے ٹائروں کے لئے سونے کے بھاوٗ لوہے کی زنجیریں بیچیں،کس طرح انتظامیہ کے اہلکاروں نے معصوم بچوں،بزرگوں اورخواتین کی چیخ وپکارسنی ان سنی کردی،کس طرح خواتین کے زیورات اتروائے گئے۔میں تواپنے خیالوں میں ایک نیک دل برف کے آدمی کا سوچ رہا تھا لیکن یہاں تو بے شمارایسے برف کے آدمی نکلے جن کے دل بھی برف کے تھے جو انسانیت کو بچانے کی بجائے انسانیت کے ہی قاتل نکلے۔
شائد یہ موجودہ دور کے برف کے آدمی ہیں جو جان بچانے کی بجائے یہ سوچتے ہیں کہ کس طرح جان لی جائے۔اللہ کوپیارے ہونیوالوں کی دردناک ویڈیوزجو سوشل میڈیا پر پر اپلوڈ کی گئی تھیں اسے دیکھا بھی نہیں جاسکتا لیکن سوچیے ان ویڈیوز کے اصل ذمہ دار کتنے سنگدل،کتنے بے رحم اور کتنے سفاک ہیں جنھوں نے محض چند روپوں کی خاطر انسانی زندگی کے روشن چراغ بجھا دیئے۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے شفاف انکوائری کے بعد 15 افسران کو عہدوں سے ہٹاتو دیا ہے لیکن ابھی بھی بہت سے بے حس انسانوں کے دلوں پر جمی برف کی تہہ کو اتارنے کی ضرورت ہے۔مری کو سیاحوں کے لئے کھولنے سے قبل ضروری ہے کہ وہاں پہلے عالمی معیار کے مطابق انتظامات مکمل کئے جائیں تاکہ پھر برفانی طوفان میں کسی آنکھ کومدد کے لئے برف کے آدمی کی تلاش نہ کرنا پڑے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ڈاکٹر جمشید نظر کے کالمز
-
محبت کے نام پر بے حیائی
بدھ 16 فروری 2022
-
ریڈیو کاعالمی دن،ایجاد اور افادیت
منگل 15 فروری 2022
-
دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاک فوج کی کارروائیاں
جمعرات 10 فروری 2022
-
کشمیری شہیدوں کے خون کی پکار
ہفتہ 5 فروری 2022
-
آن لائن گیم نے بیٹے کو قاتل بنا دیا
پیر 31 جنوری 2022
-
تعلیم کا عالمی دن اور نئے چیلنج
بدھ 26 جنوری 2022
-
برف کا آدمی
پیر 24 جنوری 2022
-
اومیکرون،کورونا،سردی اور فضائی آلودگی
جمعہ 21 جنوری 2022
ڈاکٹر جمشید نظر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.