
پاکستانیوں نے مسجدنبوی پر قبضہ کرلیا!
اتوار 25 جون 2017

غلام نبی مدنی۔ مکتوبِ مدینہ منورہ
(جاری ہے)
امسال بھی حسب معمول رمضان اور اعتکاف کے لیے مسلمان کثیر تعداد میں حرمین شریفین آئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان دنوں ہر وقت حرمین شریفین کھچا کھچ بھرے رہتے ہیں۔خصوصا اعتکاف کی وجہ سے اب تو حرمین شریفین میں نماز کے لیے جگہ بھی بہ مشکل مل پاتی ہے۔چنانچہ مسجد الحرام میں نماز سے ایک گھنٹہ پہلے لوگوں کو رش کی وجہ سے اندر جانے سے روک دیا جاتا ہے۔جب کہ مسجدنبوی میں اگرچہ یہ کیفیت نہیں ہوتی لیکن نماز کے لیے بہت جلدی آنا پڑتا ہے ورنہ عین وقت پر مسجد نبوی میں جگہ ملنا مشکل ہوجاتا ہے۔اس رش کی اصل وجہ اعتکاف کرنے والے ہیں۔جو یقینا سنت رسول کی پیروی میں 10 دن کے لیے حرمین شریفین میں بیٹھے ہیں۔ویسے تو حرمین شریفین میں اعتکاف والوں کی باقاعدہ رجسٹریشن کی گئی ہے اور انہیں خصوصی کارڈ اور ان کے لیے خصوصی مقامات مقررکیے گئے ہیں۔لیکن پھر بھی کثیر تعداد بغیر رجسٹریشن کے اعتکاف میں بیٹھی ہی۔ مسجد نبوی میں اعتکاف بیٹھنے والوں کی رجسٹرڈ تعداد تقریبا تیرہ چودہ ہزارکے لگ بھگ ہے، جب کہ غیر رجسٹرڈ اس سے بھی زیادہ ہیں۔حیرت اور اعزاز کی بات یہ ہے کہ اعتکاف بیٹھنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانیوں کی ہے۔جن میں سے زیادہ تر لوگ خصوصی طور پر اعتکاف کے لیے پاکستان سے آئے ہیں اور جب کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھی کافی تعداد میں اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے کچھ لوگوں نے یہاں تک کہہ دیاکہ ایسا لگتا ہے کہ "پاکستانیوں نے تو مسجد نبوی پر قبضہ کررکھا ہے"۔
دیکھاجائے توصرف اعتکاف ہی نہیں حرمین شریفین میں دیگر نیک کاموں میں بھی پاکستانی پیش پیش ہیں۔چنانچہ افطاری اور سحری کے وقت پاکستانیوں کی کثیر تعداد افطاری اور سحری تقسیم کرتی ہے۔باقاعدہ اچھے اچھے کھانے تقسیم کیے جاتے ہیں۔سحری اور افطاری کے وقت حرمین شریفین خصوصا مسجد نبوی کا منظر دیدنی ہوتاہے۔کوئی چائے تقسیم کررہا ہوتاہے تو کوئی دسترخوان لگا کر لوگوں کو سحری کے لیے بلارہاہوتاہے۔بہت سے لوگ تو سالہا سال سےحرمین شریفین میں سحری اورافطاری کے لیے دسترخواں لگاتے ہیں۔جب کہ کچھ اصحاب خیر پاکستانی ایسے بھی ہیں جو خود تو یہاں نہیں آپاتے البتہ کسی کے واسطے سے یہاں افطاری اور سحری اور عام روٹین میں حجاج کرام اور معتمرین پر خرچ کرتے رہتے ہیں۔حرمین شریفین کے خداموں کی بات کی جائے تو یہاں بھی عام طور پر سب سے زیادہ پاکستانی ہی نظرآئیں گے۔راقم نے کئی بار ان خداموں سے پوچھا کہ آپ یہاں کس مقصد کے لیے آئے ہیں کیا صرف پیسے کمانے کے لیے حرمین شریفین میں خدمت کی ڈیوٹی لگوائی ہے؟جس کسی سے بھی یہ سوال پوچھا تو انہوں نے ایمان افروز جواب دیا کہ یہ کام تو وہ صرف اللہ اور اور اس کے رسول کے گھر کی خدمت کے طورپر کرتے ہیں۔جب کہ پاکستان سے بہت سے لوگ راقم سے ای میل اور سوشل میڈیا کے ذریعے عموما حرمین شریفین میں خدمت کرنے کے حوالے سے رابطہ کرتے رہتے ہیں۔پوچھنے پر یہ رابطہ کرنے والے صرف یہی بتاتے ہیں کہ وہ بس حرمین شریفین سے محبت کی خاطر خداموں میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔مقدس مقامات بالخصوص غار حرا ورغارثور وغیرہ کی زیارات پر بھی عموما پاکستانیوں کو زیادہ دیکھاجاتاہے کہ جو آقائے نامدار محبوب عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی عقیدت میں تپتی دھوپ میں بھی غارحرا اورغارثو رایسے بلندپہاڑ پر چڑھنے سے نہیں کتراتے۔ پاکستان کے لیے بھلا یہ اعزاز کیا کم ہے کہ دوپاکستانی نژاد سعودی مسجد نبوی میں امام ہیں ۔جن میں شیخ احمد حمیدطالب بن المظفر مستقل طورپر مسجد نبوی کے امام ہیں،جب کہ شیخ محمدخلیل القاری دو سال سے مسجد نبوی میں تراویح پڑھانے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔حرمین شریفین سے پاکستانیوں کی اس قدر والہانہ عقیدت اور محبت پر نہ صرف سعودی بلکہ دنیا بھر سےآئے مسلمان رشک کرتے ہیں اور ہرکسی کی زبان پر یہی جاری ہوتا ہے کہ حرمین شریفین میں تو صرف پاکستانی ہی پاکستانی ہیں۔
بہرحال حرمین شریفین مسلمانوں کی اجتماعی عبادات گاہیں ہیں۔یہ تو نصیب کی بات ہے کہ یہاں عبادت کے لیے توفیق کس کو زیادہ ملتی ہے۔پاکستانی ہوں یا سعودی یا ترکی یاکوئی اور اللہ کے ہاں کسی نسل ،قوم اور قبیلے کو نہیں دیکھا جاتا بلکہ اللہ کے ہاں عزت کا معیار صرف تقویٰ ہے،جو جتنا متقی ہوگا وہ رب کے ہاں اتنا ہی معزز ہوگا۔اللہ تعالی سب مسلمانوں کو متحد ہونے کی ،حرمین شریفین کے تقدس کا پاس رکھنے،باربارحرمین شریفین میں حاضر ہونے اور رمضان المبارک سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطاکرے ۔آمین
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
غلام نبی مدنی۔ مکتوبِ مدینہ منورہ کے کالمز
-
افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت
جمعرات 9 ستمبر 2021
-
افغانستان کا نیا منظر نامہ
بدھ 4 اگست 2021
-
ترکی امریکا منحوس معاہدہ اور طالبان کا اعلامیہ ؟
بدھ 14 جولائی 2021
-
نیتن یاہو کا دورہ بھارت اور پاکستان؟
پیر 2 ستمبر 2019
-
افغانستان کشمیر امریکا اسرائیل بھارت اور پاکستان؟
منگل 27 اگست 2019
-
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دینی مدارس کے طلباء!
جمعہ 23 اگست 2019
-
عمران خان کے دورہ سعودی عرب ومتحدہ عرب امارات کے پاکستان پر اثرات ؟
جمعہ 21 ستمبر 2018
-
72واں یومِ آزادی اورپاکستان میں اسلامی نظام کا خواب؟
پیر 13 اگست 2018
غلام نبی مدنی۔ مکتوبِ مدینہ منورہ کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.