باوقار شہری

پیر 18 جنوری 2021

Khalid Mahmood Faisal

خالد محمود فیصل

سماج کے معذور افراد اور انکے اہل خانہ کس کرب سے گذرتے ہیں ،کون کون سی مشکلات انکو در پیش ہوتی ہیں،اس نوع کے افراد اور بچوں کی پرورش میں کون کون سے صبر آزماء مراحل آتے ہیں،اس کا دراک وہی فرد یا گھرانہ کر سکتا ہے جو اس مرحلہ سے گذر رہا ہوتا ہے،قرآن کریم کی سورہ الحج کی آیت پانچ کا ترجمہ ہے”پھر ایک جنیین سے،پھر ایک لوتھڑے سے کوئی کامل پیدا ہوتا ہے کوئی ناقص،ایسا ہم نے اس لئے کیاتاکہ تم پر ( اپنی قدرت،حکمت) اچھی طرح واضع کر دیں، اگر اللہ تعالیٰ چاہتے تو کسی بھی نفس کی ناقص پیدائش کسی خاندان کے لئے آزمائش ثا بت نہ ہوتی، اس میں کیا حکمت ہوتی ہے اِنسانی عقل اِسکو سمجھنے سے قاصر ہے۔


 تندرست اور توانا بچوں کی دیکھ بھال میں والدین کی غفلت بعض کو معذور بنا دیتی ہے، جن خاندانوں کو ایسی صورت حال سے سابقہ پیش آتا ہے وہ بھی اِسکو اللہ تعالیٰ کی رضا اور حکمت سمجھ کر قبول اور صبر کرتے ہیں اور اس ِاَمید پر جیتے ہیں کہ انکا اجر اللہ تعالیٰ کے ہاں محفوظ ہے،تاہم انسانی فطرت ہے کہ اللہ کا یہ کمزور بندہ کبھی کبھار اس سے گھبرا بھی جاتا ہے اس وقت اِسکے اور متاثرہ فرد کے احساسات کیا ہوتے ہیں مقتدر حلقے اس کو سمجھنے سے قطعی نابلد ہوتے ہیں،البتہ چند معدودے مگر متاثرہ افراد بھی اپنی معذوری سے سمجھوتہ کر لیتے ہیں،بڑی، پامردی اور بہادری سے اِسکا مقابلہ کرتے ہیں،ان میں سے بعض تو زندگی کی اس محرومی کے باوجود” انجوائے“ کرتے ہیں ،حقیقت میں یہی افراد زندہ دل ہوتے ہیں اور ان افراد کے لئے پیغام زندگی ہوتے ہیں جو بہترین صحت کی نعمت کے باوجود بھکاری بن کر کفران نعمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)


مغربی اصطلاح میں ایسے افراد کو ” سپیشل پرسن“ کہا جاتا ہے،دنیا میں انکی تعداد کرڑوں میں ہے،ترقی یافتہ ممالک میں انکی اس مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی بجائے انھیں بہت سی مراعات فراہم کی جاتی ہیں، وظیفہ کی شکل میں ایسے بچوں کے والدین کی مالی امداد کی جاتی ہے، الگ سے تعلیمی اداروں کا قیام ان کے حصول علم میں رکاوٹ نہیں بنتا،سماجی سطح پر متحرک این جی اوزانکو ہمہ قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لئے سرگرم رہتی ہیں،ایسا معاشرہ جہاں خاندانی نظام اپنی آخری سانس لے رہا ہو،اس میں بھی یہ مخصوص افراد تنہائی کا شکار نہیں ہوتے ۔


ہمارے ہاں سپیشل پرسن کی تعداد اگرچہ قلیل ہے پھر بھی لاکھوں میں ہے،ان میں وہ بھی شامل ہیں جو حادثاتی طور پر یا کسی جنگ کے نتیجہ میں معذور ہوئے ، اتنی بڑی تعداد میں ہونے کے باوجود ان کے لئے کوئی جامع قانون موجود نہیں ہے،تاحال ایک آرڈیننس مجریہ1981 ہی نافذالعمل ہے جو سرکاری ملازمتوں سے متعلق ہے،ایسا کوئی بھی قانون موجود نہیں جو انکے تمام مسائل کا احاطہ کرتا ہو،ملازمتوں کی فراہمی کی بابت بھی معذور افرادتحفظات رکھتے ہیں،سماجی طور پر انکی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے ،اس
 نقار خانے میں طوطی آواز سننے کے مترادف ہے۔


بحثیت انسان انکی وہی ضرویات ہیں جو عام فرد کی ہوتی ہیں،معذوری کی صورت میں تو یہ دیگر افراد سے زیادہ توجہ کے مستحق ہیں، ہر سرکار یہ خیال کرتی ہے کہ جہاں یہ پرورش پا رہے ہیں بنیادی ضرویات فراہم کرنا بھی اُن کے ذمہ ہے،اِنکو اس طرح نظرانداز کرنا کسی طور بھی درست نہیں، یہ ریاست کے وہ شہری ہیں جو بہترین سلوک کے طلب گار ہیں، ریاست کے وسائل پر اتنا ہی حق رکھتے ہیں جس طرح دیگر افراد دعویٰ دار ہیں، لیکن اس سے بڑھ کر کیا المیہ ہوگا کہ بصارت سے محروم افراد کو بھی اپنے حقوق کے لئے سڑک کر آکر احتجاج کرنا پڑتا ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سطح پر ابھی تک معذور افراد کی مستند، متفقہ تعریف ہی نہیں کی جاسکی ہے، اس طرح کے افراد کو نہ تو سیاسی جماعتیں اپنا ممبر بناتی ہیں نہ ہی انکی پارلیمنٹ تک رسائی ممکن ہے،ان افراد کی ووٹ ڈالنے کی شرح بھی کم ہے لہذا کوئی بھی اُمیدوار اِنکو خاطر میں لاتا،معذور ی کو ابھی تک آئین کے دائرے میں قانون سازی کے لئے نہیں لایا گیا ہے، عوامی سطح پر خوف خدا رکھنے والی چند سماجی تنظیمیں اِنکی اَشک شوُئی کرتی ہیں تاہم سرکار کی طرف سے صرف مالی امداد وہ بھی خاص اَیام پر دی جاتی ہے۔

یہ بھی اِنکو ملتی ہے جو سرکاری سماجی اداروں میں بطور معذور فرد کے رجسٹرڈ ہیں۔
شہروں میں دستیاب جدید ٹرانسپورٹ میں سفر کرنا ان کے لئے ممکن ہی نہیں،یہی معاملہ پبلک ٹرانسپورٹ کا ہے،عوامی مقامات پر نقل و حرکت، کھیل کے میدانوں میں آمد،تھیٹر، سنیماء، یا ثقافتی تقریبات میں اِنکا شامل ہونا بہت ہی محال ہے،گویا ان کے لئے نہ تو تفریحی سہولیات ہیں نہ ہی کوئی طبی،سماجی فوائد۔


 کپتان جی یہ خواہش تو رکھتے ہیں کہ قومی سرمایہ کو انسانوں پر خرچ کرتے ہوئے انکی صلاحیتوں کو َجلا بخشنی چاہئے تاکہ وہ قومی ترقی میں معاون ثابت ہوں،کیا لاکھوں کی تعداد میں معذور افرادی قوت کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے؟ کیمرج یونیورسٹی اپنے نامورڈاکٹر ،سائنسدان سٹیفن ہاہیکن جو بیماری کے باعث قوت گویائی سے محروم ہوئے اگر انکو نظر انداز کر دیتی، انھیں خصوصی ڈیوائس فراہم نہ کی جاتی تو وہ کیسے اپنے نظریات دُنیا کے سامنے رکھتے۔


سرکار اگر ان سپیشل افراد کے دُکھوں کا مداوہ کرنا چاہتی ہے، تو اسکا آغاز قانون سازی سے ہونا لازم ہے، نیز ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اسی طرح مہم چلانا پڑے گی ،جس انداز میں پولیو مہم قومی سطح پر روا رکھی جارہی ہے، سماجی خدمات دینے والے سرکاری اداروں پر ایسے افراد اور بچوں کی فلاح ایک قرض ہے، چیرٹی کی شہرت رکھنے والی یہ قوم اِن افراد کا بوجھ بخوبی اُٹھانے پر آمادہ دکھائی دے گی، بشرطیکہ سرکار اِن افراد کو سہولیات فراہم کرنے کوئی واضع پلان تو مرتب کرے۔


سرکار نے غریب افراد کے لئے پناہ گاہیں تعمیر کر رکھی ہیں،لنگر خانوں کا قیام بھی عمل میں آچکا ہے ،جس سے وہ افراد مستعفید ہو رہے ہیں جو ہر قسم کی معذوری سے بالا تر ہیں،کیا سرکار ایسے افراد سے محنت کا حق چرانا چاہتی ہے؟ان پر سرمایہ کاری کرنے
 بجائے انھیں ریاست پر بوجھ کیوں بنایا جارہا ہے، اس کے برعکس ”سپیشل پرسن “کی بڑی تعداد توجہ کی مستحق ہے، بیت المال، بہبود آبادی کی وزارتوں سے متعلق ذمہ داران اِنکے نمائیدگان سے مل کر پالیسی مرتب کریں، بنیادی حقوق کی فراہمی کے نام پرانکی خوراک ،پوشاک اور ادویات کی فراہمی کا ذُمہ تو کم از کم ریاست کو لینا چاہئے۔


شنید ہے کہ سابق صدر جنرل ضیاء الحق نے معذور افراد کی فلاح کا بیڑا اس لئے بھی اٹھایا تھا کہ انکی بیٹی بھی کسی ایسے ہی عارضہ میں مبتلا تھی، کیا سماج کے معذور افراد کو بحثیت شہری باوقار زندگی گذارنے کے لئے کسی ایسے ہی حکمران کا منتظر رہنا ہوگا۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :