زندگی میں ترجیحات کا تعین

ہفتہ 21 اگست 2021

Mohammad Faizan Waris

محمد فیضان وارث

ہر کام کو انجام دینے کے بہت سے طریقے ہوتے ہیں مگر اسی کام کو مہارت اور احسن طریقے سے انجام دینے کے لئے ایک منفرد راستہ  ہوتا ہے. اس طرح زندگی گزارنے کے بھی بہت سے طریقے ہیں مگر  ایک  اچھی زندگی گزارنے کا  ایک منفرد راستہ  ہے.  وہ منفرد طریقہ یہ ہے کہ اپنی زندگی میں  ترجیحات کا تعین کرلیا جائے  پھر اس کے مطابق زندگی گزاری  جائے .

جب کوئی  انسان اپنی زندگی میں ترجیحات کا تعین کر لیتا ہے تو وہ  اہم اور غیر اہم میں فرق با آسانی  کر لیتا ہے.96 % لوگ اپنی ترجیحات کا تعین نہیں کرتے .

(جاری ہے)

اکثر ہم اپنی زندگی میں اہم اور غیر  اہم کے چکروں میں گھومتے رہتے ہیں اور   بہت سی ایسی چیزیں کر رہے ہوتے ہیں جو ہمارے لیے بالکل بھی  ضروری  نہیں ہوتی ہیں اور بہت سی ایسی چیزیں چھوڑ رہے ہوتے ہیں جو ہمارے لئے بہت اہم ہوتی ہیں.ترجیحات کا اصل مقصد ہی یہی ہے کہ انسان اس بات کو اچھی طرح جان لے کہ اس کے لیے کیا ,کیوں اور کتنا اہم ہے .

انسان کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ اپنی زندگی کی ترجیحات کا  جلد از جلد تعین کر لے .جب وہ ترجیحات کا تعین کر لے گا تو وہ اپنی زندگی کو ایک درست سمت دے گا . اور وہ زندگی کی الجھنوں میں سے رفتہ رفتہ باہر آنا شروع ہو جائے گا .
 پروفیسر احمد رفیق صاحب کہتے ہیں کہ
" *دنیا میں خوش بخت انسان وہ ہے جو مناسب وقت میں ترجیحات کا تعین کر لیتا ہے"*
زندگی میں ترجیحات وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہیں .

جب انسان بچہ ہوتا ہے تو اس کی ترجیحات اور ہوتی ہیں جب جوان ہوتا ہے تب اور ہوتی ہیں مگر زندگی کے ہر حصے میں انسان کے لیے ترجیحات اہم ہیں
 زندگی میں ترجیحات کا تعین ہمیشہ اپنی منزل ,اپنے مقاصد کو دیکھ کر کیا جاتا ہے .
مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا ایمان  اور یقین ہے کہ ایک دن ہم نے مرنا ہے اور اللہ کی بارگاہ میں اپنے اعمال کا حساب دینا ہے .

تو ہماری اولین ترجیح اللہ ہونی چاہیئے .ہمیں احکام الہی پر عمل کرنا چاہیئے .
اکثر اوقات انسان اپنی ترجیحات کا تعین تب کرتا ہے جب وہ بے بس ہو جاتا ہے.ہر کوئی اسے چھوڑ جاتا ہے  .جب ہر طرف اسے اندھیرا دیکھائی دیتا ہے تو اس وقت اللہ اپنے بندے کو ایک نئی سمت دے کر اس کی راہنمائی کرتا ہے.تب اس انسان کی اولین ترجیح اللہ ہو جاتی ہے .
شیخ عبدالقاد جیلانی فرماتے ہیں کہ
" *اللہ کے ہاں بھی ایک دستور ہے .

جب اللہ کسی کے دل کے دربار میں جاتا ہے تو وہاں پہلے سے موجود تمام بتوں کو فنا کر دیتا ہے ."*
حکمت و دانائی کے بڑے بڑے نام  بابا بلھے شاہ, شیخ عبدالقادر جیلانی,حضرت  سلطان باہو, بابا فرید شکر گنج اور اسلام کے جتنے بھی صوفیانہ بزرگ گزرے ہیں آج تاریخ انھیں  سنہری حروف میں لکھتی ہے. اس کی وجہ یہ ہے کہ انھوں نے اپنی زندگی کی اولین ترجیح کو پہچانا اور پھر اس ذات کے راستے پر چل نکلے .


 جو انسان اپنی زندگی کی ترجیحات کا  تعین کرتا ہے وہ اپنی  زندگی میں وقت,وسائل اور انرجی کا مناسب اور درست استعمال کرتا ہے .جو لوگ مناسب وقت پر کوئی کام نہیں کر پاتے ان میں ترجیحا ت کا فقدان ہوتا ہے .
  ایک آرتھر چیلن جانسن  کہتی ہیں
 *"اگر آپ اپنی زندگی بدلنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنی ترجیحات بدلنے کی ضرورت ہے."*
اچھی چیزیں تب ہی واقع ہوتی ہیں جب ہم اپنی ترجیحات واضع کرتے ہیں اور درست سمت کا تعین کرتے ہیں.
زندگی میں اپنی ترحیحات کا تعین کرنے کا سبق ہمیں سیرت نبوی صلی الله علیه وسلم سے بھی ملتا ہے .

آپ صلی الله علیه وسلم  اپنے وقت کو تین حصوں میں تقسیم کرتے .
آپ اپنے وقت کا ایک  حصہ اپنے کام کو دیتے اور اس وقت بھرپور کام کرتے ,ایک  حصہ  اپنے خاندان کو دیتے .اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کے لیے اس کے گھر والے اس کا خاندان کتنا اہم ہے .ایک حصہ آپ خود کی ذات کو دیتے جس میں آپ عبادت کرتے اور آرام فرماتے .
اس لیے ہمیں بھی اپنی زندگی میں جتنی جلدی ہو سکے اپنی ترجیحات کا تعین کرنا چاہیئے اور اپنے وقت کو تین حصوں میں تقسیم کرنا چاہیئے .
کیونکہ ترجیحات کے بغیر زندگی کی مثال ایسے ہی جیسے بغیر منزل کے راہی .جس طرح راہی بغیر منزل کے بھٹک جاتا ہے اسی طرح بغیر ترجیحات کا تعین کیے انسان زندگی میں الجھنوں کا شکار رہتا ہے .

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :