
شاہ ،شاہ زادے، شاہ زادیاں
ہفتہ 8 جولائی 2017

محمد ثقلین رضا
(جاری ہے)
صاحبو!چونکہ فی زمانہ دنیا میں بادشاہ خال خال نظرآتے ہیں جہاں جہاں ہیں وہاں وہاں ابھی بی جمہوریت کا گزر نہیں ہوا ورنہ ہوسکتاہے کہ پاکستان کی طرح ”آدھا تیتر ،آدھابٹیر‘ ‘ کی سی کیفیت ہوتی، یاد آیا کہ دو ہی برس بیشتر اقوام متحدہ کی جاری کردہ لسٹ میں ہمارے حاکم کانام شاہوں کی لسٹ میں شامل تھا۔ بی جمہوریت چیختی چلاتی رہ گئی کہ ”سنو سنو! میں پاکستان میں رہتی ہوں چاہے اندھی لولی لنگڑی سہی(بقول سیاسی شخصیات ) لیکن ہوں تو سہی ، یہ کیا کہ میرا اعزاز چھین کر میری بڑی بہن یعنی آمریت کو دیدیا۔ آمریت سے یاد آیا کہ شاہی نظام کو بھی آمریت ہی تصور کیا جاتا ہے کیونکہ باپ کے بعد بیٹا اوربیٹے کے بعد اس کا بیٹا، ہاں یہ الگ بات کہ باپ کے بعد بیٹے نالائق ہوں تو پھر بیٹی یہ فریضہ انجام دے سکتی ہے۔ پاکستانی تاریخ کامطالعہ کریں تو یہاں بھی دو”شہزادیاں“ نظرآتی ہیں، ایک تھی تو شہزادی لیکن مشکل کٹھن وقت گزار کر تو ابدی نیند سوچکی ہے ،البتہ دوسری شہزادی کا مقدر کچھ زیادہ اچھا نکلا، باڈی گارڈوں ،درباریوں کی لمبی لمبی لائنیں اور چھینک آنے پر بھی ویدحاضر، ہم نے کہیں نہیں پڑھا یا کسی سے نہیں سنا کہ شاہ یا شاہ زادے، شاہ زادیاں کسی عدالت یا قاضی کے پاس پیش ہوئے یا کسی کو جواب دہ ہوئے، البتہ خلفائے وقت کی بابت ضرور سنا تھاکہ کوئی بھی عام شہری انہیں قاضی کی عدالت میں طلب کرسکتاتھا۔ خیر شاہ اول تو کسی کو جوابدہ نہیں ہوتے اگر کوئی بھولے سے پوچھ بھی لے تو ․․․․․․․ایسا کسی صورت ہونہیں سکتا۔ جیسا کہ ابھی عرض کررہے تھے کہ اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر پاکستان بھی ان خوش نصیب ملکوں میں شمارہوتاہے جہاں بادشاہ حکومت کرتا ہے، لکھنے والوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ شاہی نظام کب سے ہے ؟ البتہ یہ نہیں بتاسکتے تھے کہ شاہی نظام کب تک رہیگا، بعض بھولے بھالے درباریوں کا خیال ہے کہ شاہ وقت آئندہ بھی بادشاہ ہی رہیں گے۔ ویسے حیران کن بات ہے عوام نے ووٹ دیا تو شاہ نہ تھے لیکن بعد میں بن گئے تو عوام بے چارے کیاکرتے؟ اب بھی سن گن یہی ہے کہ انتخابات ہونگے اور شاہ وقت بھی حصہ داری کی خواہشمندمیں ضرور حصہ لینگے۔ ویسے شاہی نظام میں یا جنگل واسیوں میں انتخابی رجحان نہیں ہے، کہتے ہیں کہ جنگل بادشاہ یعنی شیر (اصل والا سچ مچ کا) سے درباری بند ر نے سوال کیا ” حضور ! یہ جمہوریت کیا ہوتی ہے؟“ بادشاہ نے جواب دیا کہ جس نظام میں عوام شامل ہوں وہ جمہوریت کہلاتا ہے“ بند ر چونکہ خود بادشاہ بننے کاخواہشمند تھا اس نے تجویزدیدی کہ ہم بھی انتخابات نہ کرالیں۔خیر شاہ وقت تو راضی نہ تھے البتہ بندر جیسے قابل اعتماد درباری کی چکنی چپڑی باتوں نے کام کردکھا یااور پھر بادشاہ راضی ہوگیا، انتخابی رولا شروع ہوا ، شیر کو امید تھی کہ اس کے خوف سے کوئی امیدوار سامنے نہیں آئیگا لیکن ہوا یہ کہ وہی قابل اعتماد درباری یعنی بندر امیدوار بن کرسامنے آگیا، انتخابات ہوئے اورپھر بند ر جیت کر ”بادشاہ“ بن گیا۔ سنانے والے نے یہ نہیں بتایا کہ ایسی کوئی مشابہت ہمارے ہاں بھی پائی جاتی ہے ۔یوں بھی داستان گو نے جنگل کایوں نقشہ کھینچا کہ ان میں سے کوئی ایک صفت ہمیں اپنے ہاں نظر نہ آئی سو مشابہت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہاں یار لوگ اگر ڈھونڈلیں تو ہم ذمہ دار نہیں۔
خیر ان دنوں شاہ زادی کا ذکر بڑا ہے، درباری بھی اپنی جگہ ناچتے گاتے نظرآتے ہیں کہ ”ہرا رنگ ضرور اثر دکھاتاہے“ البتہ باہر بیٹھے بغلیں بجانے والے اپنی جگہ خوش کہ دیکھا کیسے رلادیا؟ اب بھولے بھالے لوگ کبھی تو ہرے رنگ کی خوشی مناتے ہیں اورکبھی کسی کے رونے رلانے کی بات پر تالیاں پیٹتے نظرآتے ہیں، ویسے سیانے کہتے ہیں کہ تالیاں پیٹنے کا ایک ہی فائدہ ہے کہ بندہ دونوں ہاتھوں کو لال ضرور کرلیتا ہے۔ یعنی جس کیلئے بجائی جارہی ہوں اس کو فائدہ ہونہ ہو اپنے ہاتھ ضرور لال ہوجاتے ہیں۔ سو ہرے رنگ پر تالیاں بجانے والے ہوں یا پھر رونے رلانے کی بات کرنیوالوں پر خوش ہونے والے، بات تو یہ ہوئی کہ دونوں طرف سے ہاتھ لال کرنے والے کون ہیں؟ عام آدمی ،بیوقوف ،اپنی بھوک کوفراموش کرکے شاہوں کے ”کھابوں“ پر خوش ہونے والے بیوقوف یا پھر سادہ لوح عوام۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
محمد ثقلین رضا کے کالمز
-
سرکاری حج عمرے
جمعہ 31 مئی 2019
-
انصاف، حقوق کی راہ میں حائل رکاوٹیں
جمعرات 27 دسمبر 2018
-
قبرپرست
جمعہ 31 اگست 2018
-
محنت کش ‘قلم کامزدور
جمعہ 2 مارچ 2018
-
باباجی بھی چلے گئے
اتوار 28 جنوری 2018
-
پاکستانی سیاست کا باورچی خانہ اور سوشل میڈیا
بدھ 1 نومبر 2017
-
استاد کو سلام کے ساتھ احترام بھی چاہئے
ہفتہ 7 اکتوبر 2017
-
سیاستدان برائے فروخت
منگل 22 اگست 2017
محمد ثقلین رضا کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.