
وحشت وبربریت کا ننگا ناچ
جمعہ 10 دسمبر 2021

پروفیسر مظہر
(جاری ہے)
اُس کے جسم کی ٹوٹتی ہڈیاں سراپا سوال کہ اے مسجودِ ملائک کیا روحوں میں ارتعاش پیدا ہوا؟۔ کیا پیشانی عرقِ ندامت سے تَر ہوئی؟۔
نہیں بھائی! کوئی ارتعاش پیدا ہوا نہ عرقِ ندامت۔ اب ہماری روحیں سراپاالتہاب نہ کرب کی کوئی لہرکیونکہ ہم ایسے مناظر کے عادی ہو چکے۔ ایک پریانتھا ہی کیا اِس کینوس پر تو ہر روز ایسی ہی تصویریں ابھرتی ہیں، کس کس کا ماتم کریں۔ ہمارا سرمایہ فقط گھڑے گھڑائے مذمتی بیان جن کا ہم بھرپور استعمال کرتے رہتے ہیں اور بَس۔ہم دراصل رَبِ لم یزل کا یہ فرمان فراموش کر چکے کہ ”جس نے کسی انسان کو خون کے بدلے یا زمین میں فساد پھیلانے کے سوا کسی اور وجہ سے قتل کیا اُس نے گویا تمام انسانوں کو قتل کر دیا اور جس نے کسی انسان کی جان بچائی اُس نے گویا تمام انسانوں کو بچا لیا۔ مگر اِن کا یہ حال ہے کہ ہمارے رسول پے در پے اِن کے پاس کھلی ہدایات لے کر آتے رہے، پھر بھی اِن میں سے بکثرت لوگ زمین میں زیادتیاں کرنے والے ہیں“ (سورة المائدہ 32)۔ اِس آیتِ مبارکہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ فرمان عالمِ انسانیت کے لیے ہے جس میں مسلم وغیر مسلم کی کوئی شرط نہیں۔ یہاں یہ بھی واضح کر دیا گیا کہ کسی انسان کی جان یا تو خون کے بدلے میں لی جا سکتی ہے یا پھر زمین پر فساد پھیلانے کے سبب۔ اِس کے علاوہ کسی بھی صورت میں خون نہیں بہایا جا سکتا۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ خونِ ناحق ہے جس کی کوئی معافی نہیں۔ناحق خون بہانے والوں کے بارے میں فرمانِ ربی ہے ”اُس کی سزا جہنم ہے جس میں وہ ہمیشہ رہے گا، اللہ اُس پر غضب نازل کرے گا اور لعنت بھیجے گا۔ اللہ نے اُس کے لیے بڑا عذاب تیار کر رکھا ہے“ (سورة النساء 93)۔
روح میں اترتی کرب کی لہریں سراپا سوال کہ کیا ارضِ وطن درندوں کے مسکن میں ڈھل چکی؟۔ کیا نِت نئے سانحات ہی ہمارا مقدر ٹھہرے؟۔ کیا عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے محسنِ انسانیت ﷺ کا درس ہم فراموش کر چکے؟ اور کیا جبلتوں میں خون کی بُو رَس بس چکی۔ رہا یہ سوال کہ ذمہ دار کون؟ تو اِس کا جواب رَبِ علیم وخبیر نے خود ہی دے دیا جس کا فرمان ہے ”وہی ہے جس نے تمہیں زمین کا خلیفہ بنایا اور تم میں سے بعض کو بعض کے مقابلے میں زیادہ بلند درجے دیئے تاکہ جو کچھ تمہیں دیا ہے اُس میں تمہاری آزمائش کر سکے“ (سورة الانعام 165)۔ یہی فرمان متفق علیہ حدیثِ رسولﷺ میں یوں بیان ہوا ”جو لوگوں پر حاکم ونگہبان ہے اُس سے (روزِ قیامت) اُس کی رعیت کے بارے میں ضرور سوال کیا جائے گا“۔ ہمارے طاقت کے نشے میں دھت حکمران مگر یہ سب کچھ فراموش کر چکے۔ وہ تو کرسی کے حصول کی کشمکش میں باہم دست وگریبان۔ اُنہیں تو ”نظریہٴ ضرورت کی چاٹ لگ چکی۔ وہی نظریہٴ ضرورت جو تاریخِ وطن کے ہر صفحے پر بَدنما داغ۔ وہی نظریہٴ ضرورت جس کا گھُن زنجیرِ عدل کو چاٹ چکا۔ وہی نظریہٴ ضرورت جس کے تحت ذوالفقار علی بھٹو کو تختہٴ دار کے سپرد کیا گیا اور وہی نظریہٴ ضرورت جس کے تحت ایک آمر نے دین کی آڑ میں گیارہ سال حکومت کی۔ وہی نظریہٴ ضرورت جس کے تحت محسنِ پاکستان کو طویل نظربندی کا دُکھ جھیلنا پڑا اور وہی نظریہٴ ضرورت جس نے ایک کمانڈو کو امریکہ کے سامنے چاروں شانے چِت کر دیا۔ وہی نظریہٴ ضرورت جس نے نوازلیگ کے وزراء کی چھٹی کروائی اور وہی نظریہٴ ضرورت جس کے تحت تاریخِ عدل کا متنازع ترین فیصلہ سامنے آیا۔ یہ نظریہٴ ضرورت ہی کی کرشمہ سازیاں ہیں جن کے تحت پہلے ایک گروہ پر بھارتی فنڈڈ دہشت گردی کا لیبل چسپاں کیا اور پھر اُسی گروہ کے آگے گھٹنے ٹیک کر پھولوں کے ہار پہنائے۔ اب اُسی گروہ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی سرگوشیاں جو ہمارے اخلاقی زوال کی داستان سناتی ہوئیں۔
ہماری روحانی اور اخلاقی اقدار کے زوال کی انتہا یہ کہ ہم نے اسلام کی اس تجربہ گاہ ، اِس نظریاتی ریاست میں توہینِ رسالتﷺ کے قانون کو ذاتی عناد، فرقہ وارانہ عصبیتوں اور سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا۔ اب نسلِ نَو کی ذہنی اور فکری پرورش یا تو ”جلاوٴ، گھراوٴ، مارو، مرجاوٴ کے زیرِاثر کی جا رہی ہے یا پھر فرقہ وارانہ عصبیتوں کی زیرِنگرانی۔ پریانتھا کمارا کے قتل کی مذہبی رَہنماوٴں سمیت سبھی نے پُرزور مذمت کی۔ مذمت کرنے والوں میں وہ مذہبی جماعت بھی شامل تھی جس کا دامن گیارہ بیگناہوں کے تازہ خون کی چھینٹوں سے تَر ہے۔ عرض ہے کہ ابھی اُن گیارہ شہیدوں کے گھروں میں صفِ ماتم بچھی ہے، ابھی زخم تازہ اور نوحے جاری ہیں۔ اِس لیے ازراہِ کرم
نہ دکھلاوٴ کہ جو تازہ دھُلا ہے
ایسے سانحات جہاں روح تک کو زخمی کرنے کا سبب بنتے ہیں، وہیں لبرلز اور سیکولرز کی آنکھوں کی چمک اور قلم کی روانی دیدنی ہوتی ہے کیونکہ اُنہیں اپنے گمراہ کُن نظریات کے پرچار کے لیے ایک پسندیدہ موضوع ہاتھ آجاتا ہے اور وہ یہ ثابت کرنے میں مگن ہو جاتے ہیں کہ یہ سب مذہب اور سیاست کی یکجائی کا شاخسانہ ہے۔ اِس لیے دین اور سیاست کو الگ کر دیا جائے۔ مثالیں وہ مذہبی انتہاپسندی کی ڈھونڈتے ہیں جبکہ فرقانِ حمید میں کہیں بھی لفظ ”مذہب“ استعمال نہیں ہوا بلکہ ”دین “ استعمال ہوا ہے کیونکہ مذہب جزو ہے اور دین کُل۔ مذہب صرف عبادات اور مذہبی رسومات تک محدود ہے جبکہ دین کا مطلب ہی طرزِ زندگی ہے جو ہماری معاشی، معاشرتی، سیاسی، سماجی اور مذہبی زندگی کا احاطہ کرتے ہوئے رَہنمائی کرتا ہے۔ سورة آل عمران آیت 85 میں ارشاد ہوا ”اور جو کوئی اسلام کے سوا کسی اور دین کو چاہے گا تو وہ اُس سے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گااور وہ آخرت میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہوگا“۔ اِسی سورة مبارکہ آیت 19 میں فرمایا گیا ”بیشک اللہ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے“۔
لبرل اور سیکولر اپنے نظریات کے پرچار کے لیے ہمیشہ مذہبی انتہا پسندی کی مثالیں دیتے نظر آتے ہیں۔ جس مذہبی انتہاپسندی کی وہ آڑ لیتے ہیں اُس کی دینِ مبیں میں مطلق کوئی گنجائش نہیں کیونکہ مذہبی انتہاپسندی جبراََ اپنے عقائد ونظریات نافذ کرنے کی کوشش کرتی ہے جبکہ دینِ اسلام نام ہی امن وسلامتی اور اعتدال کا ہے۔ سورة الانبیاء آیت 107 کے مطابق حضورِ اکرمﷺ کو عالمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور غیرمسلموں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے کی یوں تلقین کی گئی ”اگر آپ سخت مزاج ہوتے تو لوگ آپ کے پاس سے بھاگ کھڑے ہوتے“ (آل عمران 159)۔رہا سوال مذہبی انتہا پسندی کا تو اس کے خاتمے کی ذمہ داری صرف صاحبانِ اقتدار پر ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے یہ ذمہ داری اُنہی کو سونپی ہے اور یہی اُن کی آزمائش بھی ہے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر مظہر کے کالمز
-
ریاستِ مدینہ اور وزیرِاعظم
اتوار 13 فروری 2022
-
وحشت وبربریت کا ننگا ناچ
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
اقبال رحمہ اللہ علیہ کے خواب اور قائد رحمہ اللہ علیہ کی کاوشوں کا ثمر
ہفتہ 13 نومبر 2021
-
رَو میں ہے رَخشِ عمر
جمعہ 30 جولائی 2021
-
یہ وہ سحر تو نہیں
جمعہ 2 جولائی 2021
-
غزہ خونم خون
ہفتہ 22 مئی 2021
-
کسے یاد رکھوں، کسے بھول جاوٴں
ہفتہ 24 اپریل 2021
-
یہ فتنہ پرور
ہفتہ 20 مارچ 2021
پروفیسر مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.