
رَو میں ہے رَخشِ عمر
جمعہ 30 جولائی 2021

پروفیسر مظہر
(جاری ہے)
”عمرِرواں“ محض نصف صدی کا قصہ نہیں، اُس شخص کی داستان ہے جس کے حضور لفظوں کی سواریاں ہاتھ باندھے کھڑی رہتی ہیں۔ وہ جب لفظوں کے تانے بانے بُنتا ہے تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے خوبصورت رنگوں سے مزین تتلیاں لفظوں کو اپنے پَروں میں چھپائے اِدھر اُدھر منڈلاتے ہوئے قوس قُزح بکھیر رہی ہوں۔ وہ رلانے کا فَن بھی جانتا ہے اور ہنسانے کا بھی۔ اپنے والدِمحترم مولانا گلزار احمد مظاہری کی رحلت پر لکھا ”خود مرحوم ہوگئے، ہمیں محروم کر گئے ۔۔۔۔ اُن کے اُٹھ جانے کے بعد یوں محسوس ہوتا ہے گویا کسی مسافر کو یکلخت حوادثِ زمانہ نے جھرنوں کے نیلگوں پانیوں اور درختوں کے لطیف ومہرباں سایوں سے اُٹھا کر چلچلاتی دھوپ اور گرم ریگزار کی حدت وشدت میں پھینک دیا ہو۔ وہ برگر کا گھنا سایہ تھے، مخمل کی نرم چھتنار تھے۔ اُن کی شفقت میں شبنمی ٹھنڈک اور محبت میں بہارآفریں حلاوت تھی“۔ اِس پیراگراف میں جہاں جابجا غم واندوہ کی لہریں جنم لے رہی ہیں وہیں عقیدت ومحبت کے جھرنے بھی پھوٹتے نظر آتے ہیں۔ پراچہ صاحب کی اہلیہ محترمہ جب گردن توڑ بخار میں مبتلاء ہو کر ہسپتال پہنچیں تو اُنہوں نے لکھا ”بے یقینی کے پُل صراط سے گزرتے ہوئے روزوشب کی گھڑیاں کاٹتے رہے ۔۔۔۔ بیہوشی تو یکساں چلتی ہی تھی اِس دوران کئی مرتبہ یوں لگتا جیسے اُمید کی ناوٴ اب ڈوب چلی ہے۔ مغرب سے کچھ قبل پروفیسر غفور صاحب اور اسلم سلیمی صاحب تشریف لائے اور میرے چہرے سے اضطراب کی تحریریں پڑھ کر خصوصی دعاوٴں سے نوازتے رہے“۔ اہلیہ محترمہ کے دمِ واپسیں پر اپنے کرب کا یوں اظہار کیا ”بیہوشی کے بعد سے اب تک اگرچہ کوثر نے ایک حرف بھی زبان سے ادا نہ کیا لیکن اُس وقت اُس کے سانسوں کی بے ترتیبی خاموش زبان سے بہت کچھ کہہ رہی تھی۔ شاید اِس کائنات کو، اپنے پیاروں کو، اپنی سہیلیوں کو، اپنے خوبصورت بچوں کو، اپنے مضطرب والدین کو، اپنی بے چین بہنوں کو اور اپنی تحریکِ اسلامی کو خُداحافظ کہہ رہی تھی“ ۔ اردو ادب کے ایک طالب علم کی حیثیت سے میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ خودنوشت ہے نہ تاریخ بلکہ اُردو ادب کے ایسے شہ پارے ہیں جو ”عمرِرواں“ میں ستاروں کی مانند جابجا بے ترتیبی سے بکھرے ہوئے ہیں۔ مجھے پوری خودنوشت میں کہیں ادبی جھول نظر نہیں آیا۔ جہاں دیکھو وہ آسمانِ ادب کی رفعتوں کو چھوتے نظر آتے ہیں۔
”عمرِرواں“ میں شائستہ وشُستہ مزاح کی جھلکیاں بھی جابجا۔ سنجیدہ و متین پراچہ صاحب کو واقعاتی مزاح پر عبور ہے۔ شگفتگی ورعنائی اُن کے مزاح کا جوہر ہے۔ وہ خوشگوار لمحوں کی کہکشاں یوں سجاتے ہیں کہ لب بے ساختہ مسکرا اُٹھتے ہیں۔ قاری کو عمرِرواں میں واقعاتی مزاح کی جھلکیاں جابجا ملتی ہیں۔ چند دلچسپ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے سیالکوٹ میں تحریکِ ختمِ نبوت کے جلسے کے دوران ایک معروف مقرر کی طویل تقریر کا ذکر کیا جنہوں نے دورانِ تقریر کہا ”سامعین میری مٹھی میں بند ہوتے ہیں۔ میں جب تک چاہوں اُن کو مٹھی میں رکھوں اور جب چاہوں نکال لوں، یہ میری مرضی ہے“۔ اُن کی اِس بات پر مجمعے میں سے آواز آئی ”مولوی صاحب! مٹھی کھولنا اندر بہت حبس ہے“۔ ایک اور واقعے کا ذکر کرتے ہوئے پراچہ صاحب نے لکھا ”ایک معرکہ اورینٹل کالج میں پیش آیا۔ یہاں ہم نے غنڈوں کی عبرتناک پٹائی کی تھی ۔ اُسی شام میں نیوکیمپس اپنے ہوسٹل میں بیٹھا تھا کہ چوکیدار نے بتایا کچھ لوگ آپ سے ملنے آئے ہیں۔ میں نیچے اُترا تو دیکھا کہ پندرہ بیس مشٹنڈے دھوتیاں پہنے بڑھتے چلے آرہے ہیں۔ ایک نے آگے بڑھ کر مجھ سے ہاتھ ملایا اور کہا کہ میرا نام مولوی لہولہان ہے۔ اُس کا انداز صاف بتا رہا تھا کہ یہ کوئی نامی گرامی گروہ ہے جو صبح کی پٹائی کا بدلہ لینے آیا ہے۔ میں نے اردگرد دیکھاتو صرف ایک ساتھی موجود تھا اور بھی قاری مغیث الدین ۔۔۔۔ یکلخت اُس شخص نے جیب میں ہاتھ ڈالا، میں کسی پستول یا خنجر کا منتظر تھاکہ اُس کا ہاتھ نکلا جس میں ایک تعارفی کارڈ تھا۔ اُس پر لکھا تھا مولوی عبد الرشید لہولہان، صدر مِنی بس ایسوسی ایشن“۔ دراصل وہ لوگ اپنا ایک مسٴلہ لے کر آئے تھے۔ اُدھر چودہ نمبر ہوسٹل میں سُرخوں کا جلسہ ہو رہاتھا۔ اُنہیں کسی نے خبر پہنچا ئی کہ جماعتی غنڈے حملہ آور ہونے آرہے ہیں تو جلسہ درہم برہم ہوا اور سبھی فرار ہو گئے۔ اِسی طرح کا ایک اور قصہ لڑکی کے اغوا کا ہے۔ جسے پراچہ صاحب اور ساتھیوں نے محمدبِن قاسم بن کر غنڈوں سے چھڑوانے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ وہ تو کسی فلم کی شوٹنگ ہو رہی تھی۔ اِسی طرح کے کئی اور دلچسپ واقعات بھی ہیں لیکن اس مختصر سے کالم میں اُن کی گنجائش نہیں۔
”عمرِرواں“ محض ایک خودنوشت نہیں بلکہ اُس شخص کی کہانی ہے جس کی عمرِعزیز کا غالب حصہ زمینی خداوٴں سے پنجہ آزمائی کرتے گزرا لیکن کبھی پایہٴ استقلال میں لرزش نہ آئی۔ یہ عزم وہمت اور جرأت واستقامت کی ایسی داستان ہے جو نونہالانِ وطن کو جہدِ مسلسل کا درس دیتی ہے۔ یوں تو پراچہ صاحب نے کسرِنفسی سے کام لیتے ہوئے لکھا ”دھماکہ خیز انکشافات نہیں تاہم یہ کسی درماندہ راہرو کی صدائے دردناک ضرور ہے“۔ حقیقت مگر اِس کے برعکس کہ عمرِرواں نے تاریخ کے کئی نہاں گوشے عیاں کر دیئے۔ اُنہوں نے تاریخِ وطن کو وقت کی دھول میں گم ہونے دیا نہ اپنے قلم کو وقتی مصلحتوں سے آلودہ کیا۔ اُنہوں نے تاریخ کے اوراق پلٹتے ہوئے نہ صرف حقائق کے گلہائے رنگارنگ بکھیرے بلکہ صحنِ چمن کے نہاں کانٹے بھی عیاں کر دیئے ۔ اِس خودنوشت میں اتنی تاریخی سچائیاں ہیں کہ اگر حوالے دینا شروع کر دوں تو صفحات کے صفحات سیاہ کر دوں۔ ایوبی آمریت ، جنرل رانی کے انکشافات، سقوطِ مشرقی پاکستان کے اسباب، پاکستان قومی اتحاد، 1977ء کے انتخابات، جنرل ضیاء کا مارشل لاء، افغانستان میں روسی اور امریکی جارحیت، افغانستان میں امریکہ کی تاریخی شکست اور اِس جیسے کئی دیگر موضوعات جن پر پراچہ صاحب نے کھل کر لکھا اور جو کچھ لکھاوہ ایسی مستند تاریخ جس کے مجھ سمیت کئی عینی شاہد اب بھی موجود۔ اپنی خودنوشت میں پراچہ صاحب نے حیاتِ بے مہار کے ایک ایک لمحے کا رَس نچوڑ کر آنے والی نسلوں کے لیے ایک مستند تاریخی حوالہ مرتب کیا ہے ۔ اِس لیے بلا خوفِ تردید کہا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی مورخ ”عمرِرواں“ سے مستفید ہو سکتا ہے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر مظہر کے کالمز
-
ریاستِ مدینہ اور وزیرِاعظم
اتوار 13 فروری 2022
-
وحشت وبربریت کا ننگا ناچ
جمعہ 10 دسمبر 2021
-
اقبال رحمہ اللہ علیہ کے خواب اور قائد رحمہ اللہ علیہ کی کاوشوں کا ثمر
ہفتہ 13 نومبر 2021
-
رَو میں ہے رَخشِ عمر
جمعہ 30 جولائی 2021
-
یہ وہ سحر تو نہیں
جمعہ 2 جولائی 2021
-
غزہ خونم خون
ہفتہ 22 مئی 2021
-
کسے یاد رکھوں، کسے بھول جاوٴں
ہفتہ 24 اپریل 2021
-
یہ فتنہ پرور
ہفتہ 20 مارچ 2021
پروفیسر مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.